اسرائیلی فوج کی امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ، 35 فلسطینی شہید

اسرائیلی صہیونی فوج نے آج پھر امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 35 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا نے فلسطینی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی علاقے میں نتساریم راہداری کے قریب امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کردی۔
صہیونی فوج کی فائرنگ کےنتیجےمیں ہاتھوں میں برتن پکڑے کئی روز سے بھوک کا شکار فلسطینی زندگی گنوا بیٹھے۔
اس کےعلاوہ اسرائیلی جنگی طیاروں نےغزہ کےعلاقے دیرالبلاح میں ایک گھرکو بھی نشانہ بنایا جس کے باعث 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی حکام کےمطابق اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آج مجموعی طور پر 50 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
یواین سیکریٹری جنرل کا سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب ، ایران-اسرائیل جنگ بندی پر زور
ادھراقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے ترجمان نے جنیوا میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے خبردار کیا کہ غزہ کے مکینوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے کیوں کہ اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں کےباعث پانی کی فراہمی کا نظام تباہ ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ یونیسیف نےغزہ میں غذائی قلت کے شکار فلسطینی بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے سےبھی خبردار کیاہے۔
یونیسیف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ غذائی قلت کے شکار بچوں کےلیےخوراک اور ادویات دستیاب نہیں، اسرائیلی حملوں کی وجہ سے پانی، صحت اور صفائی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔