جے آر آر ٹولکن کا نایاب ناول ’ہابٹ‘ برطانیہ میں 43 ہزار پاؤنڈز میں نیلام

برطانیہ میں ناول نگار جے آر آر ٹولکن کا 1937 میں شائع ہونے والا افسانوی ناول ’ہابٹ‘ اپنی پہلی ایڈیشن کی نایاب کاپیوں کے باعث ہمیشہ بلند قیمتوں پر نیلام ہوتا رہا ہے۔
حال ہی میں اس ناول کا ایک فرسٹ ایڈیشن نسخہ 43 ہزار برطانوی پاؤنڈز (تقریباً 16 کروڑ 29 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوا۔ یہ نایاب کاپی برسٹل میں ایک گھر کی صفائی کے دوران ایک خانے سے برآمد ہوئی تھی۔
آکشنیئم باتھ کے ذریعے آن لائن نیلام ہونے والی یہ کتاب بہترین حالت میں تھی، اور ابتدائی اندازے (10 ہزار سے 12 ہزار پاؤنڈز) سے چار گنا زیادہ قیمت پر بکی۔
اس سے قبل ایک اور فرسٹ ایڈیشن نسخہ برکشائر کے ایک گھر سے ملا، جو آکشنیئرز کنگھمز کے ذریعے 31 ہزار پاؤنڈز میں نیلام ہوا۔
واضح رہے کہ یہ حالیہ نیلامی اس ناول کی سب سے مہنگی فروخت نہیں ہے۔ 2015 میں لندن میں جے آر آر ٹولکن کے ذاتی دستخط شدہ ایک نایاب نسخے کو 137 ہزار برطانوی ڈالرز میں فروخت کیا گیا تھا۔
