کراچی : لیاری میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس، 3 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں واقع ایک پانچ منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اداروں نے اب تک ملبے سے 9 افراد کو نکال لیا ہے، جن میں 4 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت گرنے کا واقعہ لیاری کے آٹھ چوک کے قریب پیش آیا، جہاں ایک چوبیس گھنٹے کلینک کے نزدیک واقع عمارت اچانک منہدم ہو گئی۔ تنگ گلیوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور بھاری مشینری کے داخلے میں رکاوٹ ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ موبائل سگنلز کی عدم دستیابی کے باعث اطلاع تاخیر سے ملی، تاہم ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ عمارت میں 12 سے زائد فلیٹس موجود تھے، جب کہ حادثے کے وقت نیچے واقع دکانیں کھلی ہوئی تھیں۔ مقامی افراد اور فلاحی تنظیمیں اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ایس ایچ او بغدادی نے بتایا کہ ملبے سے نکالے گئے 5 زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن کی شناخت 25 سالہ راشد ولد عزیز، 45 سالہ یوسف ولد سبحان، 35 سالہ سنیتہ زوجہ چینن، 50 سالہ فاطمہ زوجہ بابو، اور 35 سالہ چندہ زوجہ جمعہ کے طور پر ہوئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ : 10 سال قید کی سزا پانے والے 4 پی ٹی آئی کارکنان بری
وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس اور احکامات
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے "انتہائی افسوسناک” قرار دیا اور متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کی۔ وزیراعلیٰ نے ریسکیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کو شہر بھر میں موجود خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ خطرناک عمارتوں کی نشاندہی اور ان کے خلاف عملی اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں، اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔