خیبرپختونخواکا3ماہ کےبجائےپورے سال کا بجٹ پیش کرنےکا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

شوکت یوسفزئی نےکہاکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں 3 ماہ کا بجٹ پیش کرنا چاہتے تھے لیکن 3 ماہ کا بجٹ پیش کرنے میں قانونی سقم آڑے آگیا ہے۔

شوکت یوسفزئی نےکہا خیبرپختونخوا حکومت نے پورے سال کا بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پورے سال کا بجٹ پیش نہ کرنے سے صوبے کو معاشی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، پارٹی نے صوبےکے وسیع تر مفاد میں وزیراعلیٰ کوپورے سال کا بجٹ پیش کرنے کی تجویز دی۔

شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ صوبائی بجٹ جمعے 19 جون کو پیش ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب وزیر بلدیات خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی نے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ پیش کرنا ہے یا نہیں، ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، یہ فیصلہ بھی نہیں ہوا کہ بجٹ سہ ماہی ہوگا یا پورے سال کا۔

مینا خان نے مطالبہ کیا کہ  عمران خان سے وزیراعلیٰ اور مشیرخزانہ کی ملاقات کرائی جائے، مینا خان نے کہا عوام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان  کو مینڈیٹ دیا، ان سےمشاورت ضروری ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان ہدایت دیں گے۔

Back to top button