باجوڑ حادثے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے 15 اگست کو باجوڑ ریلیف آپریشن کے دوران حادثے کا شکار ہونے والے سرکاری ہیلی کاپٹر کی جگہ نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کےمطابق صوبے میں قدرتی آفات اور دیگر اہم معاملات میں ہیلی کاپٹر ناگزیر ضرورت ہے اور مہمند حادثے کےبعد حکومت کے پاس صرف ایک ہیلی کاپٹر رہ گیا تھا جس کے باعث دوسرا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیاگیا۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حادثے میں شہید ہونے والے عملے کو اصل ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے شہداء کے لواحقین کےلیے خصوصی پیکج کی منظوری دی ہے اور ورثاء کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
ذرائع کےمطابق شہداء کو پولیس کے برابر کا پیکج دیا جارہا ہے۔ دونوں شہید پائلٹس کرنل ریٹائرڈ شاہد سلطان اور آفتاب کے اہلخانہ کو گریڈ 19 پولیس افسر کے برابر پیکج یعنی دو، دو کروڑ روپے ملیں گے،فلائٹ انجنیئر سلیم کے ورثاء کو ڈیڑھ کروڑ روپے جب کہ دونوں کریو چیفس کے لواحقین کو ایک، ایک کروڑ روپے دیےجائیں گے۔
خیال رہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں پانچ افراد شہید ہوئے تھے جو ریلیف مشن پر مامور تھے۔
