خیبرپختونخوا : سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 34 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے حالیہ انسداد دہشتگردی آپریشنز کے دوران 34 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں 13 سے 15 اکتوبر کے دوران کی گئیں، جن میں متعدد جھڑپیں بھی شامل تھیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے "فتنہ الخوارج” گروہ سے ہے، جو ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے۔
اسپن وام میں 18، جنوبی وزیرستان میں 8، بنوں میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 18 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
جنوبی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران مزید 8 دہشتگرد مارے گئے۔
ضلع بنوں میں کی گئی کارروائی میں بھی 8 خوارج ہلاک کیے گئے۔
دہشتگرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم تھے، ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مارے جانے والے دہشتگرد ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی سے خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی اور امن و امان کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے خطرے کو ختم کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف پرعزم ہیں، اور ملک کے چپے چپے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کا مشن جاری رہے گا۔
