ایک ریٹائرڈ جج، فریادی حاضر سروس ججز کو انصاف کیسے دے گا؟

سینئر اینکر پرسن و تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ جسٹس تصدق حسین جیلانی بذات خود توبڑے اچھے جج ہیں، تاہم ملکی تاریخ کوسامنے رکھیں تو حاضر سروس چیف جسٹس آف پاکستان بھی اگر کسی کمیشن کا سربراہ بناتو وہ کمیشن بھی کچھ نہ کرسکا،تصدق حسین جیلانی توایک ریٹائرڈ جج ہیں۔ ایک ریٹائرد جج کی پاکستان میں کوئی اہمیت نہیں ہے۔ حامد میر کے بقول جہاں حاضر سروس جج فریادی بنے ہوئے ہیں تو ایک ریٹائرڈ جج ان کو انصاف کیسے دینگے۔ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئےسینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ جس حکومت نے ریٹائرد جج کے نام کا اعلان کیا ہے۔ اس حکومت کی کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججزکی فریاد پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے اور اسکی مذمت کی گئی ہے۔اگر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چھ ججز کی شکایت پر شکوک و شبہات کا اظہار نہ ہوتا تو کچھ امید ہم کرسکتے تھے کہ تصدق حسین جیلانی کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔اگر وہ سچائی کو سامنے لانے کی کوشش کریں گے تو حکومت ان کا ساتھ دیگی۔ حامد میر کے مطابق تصدق حسین جیلانی بریک تھرو کرتے بھی ہیں اور روایت چھوڑ کر سچ سامنے لے بھی آتے تو ایڈریس تو وفاقی حکومت نے کرنا ہے۔ حالانکہ وزیراعظم شہباز شریف خود اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں پس منظر میں رہتے ہوئے کس طرح سے سیاست میں مداخلت کرتی ہیں۔ حامد میر کا مزید کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ ن کا بیانیہ ہے اور لیگی قائدین بار بار بہت سے ججوں پر الزامات لگاتے رہے ہیں کہ ان ججوں نے ایک ایجنڈے کے تحت ہمارے خلاف کارروائی کی ۔ مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ تو خود یہ کہتی رہی ہے کہ انٹیلی ایجنسیاں عدلیہ پر اثر انداز ہوتی ہیں عدالتی امور میں مداخلت کرتی ہیں۔ اب جسٹس تصدق حسین جیلانی کو چاہئے کہ شہباز شریف اور نواز شریف کو بھی بلائیں ۔ ان سے پوچھیں کہ آپ نے جو الزامات لگائے تھے کہ انٹیلی جنس ایجنسیاں عدالتی امور میں مداخلت کرتی ہیں کہاں پر کس نے کیا بات کی تھی۔ اگر تحقیقات اس طرح آگے بڑھائی جائینگی تو حقائق کھل کر سامنے آ جائیں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے سنیچر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے عدالتی امور میں مبینہ مداخلت پر لکھے گیے خط کی تحقیقات کے لیے سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔
انکوائری کمیشن کی شرائط یا ٹی او آرز کے مطابق انکوائری کمیشن اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط میں لگائے گیے الزامات کی مکمل چھان بین کرے گا اور تعین کرے گا کہ کیا یہ الزامات درست ہیں یا نہیں؟ انکوائری کمیشن اس بات کا تعین بھی کرے گا کہ کیا کوئی اہلکار براہ راست مداخلت میں ملوث تھا یا نہیں؟ یہ کمیشن اپنی تحقیق میں سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر کسی ’ایجنسی، محکمے یا حکومتی ادارے‘ کے خلاف کارروائی تجویز کرے گا اور کمیشن کو یہ بھی اختیار ہو گا کہ وہ انکوائری کے دوران ضروری سمجھے تو کسی اور معاملے کی بھی جانچ کر سکتا ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے سینیئر تجزیہ کار وجاہت مسعود کا کہنا ہے جن ججز نے یہ خط لکھا ہے اُن کو اب اپنے دلائل اور ثبوتوں سے کمیشن کے سامنے اپنے الزامات کو ثابت کرنا ہو گا۔’کمیشن کا دائرہ کار تو واضح ہے جو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کے خط کا جائز لے گا جبکہ ججز لگائے گئے الزامات کو ثابت کریں گے۔ اگر الزامات درست ثابت ہوگئے تو ذمہ داران کو سزا دی جائے گی۔‘
اس حوالے سے سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کا کہنا تھا کہ ٹرمز آف ریفرنس سے اختیارات واضح ہوتے ہیں۔ان کے مطابق ’ٹی او آرز اختیارات پر پابندی کے لیے نہیں بلکہ اختیارت کو واضح کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔ عدالتیں حدود و قیود کی پابند ہوتی ہیں لیکن اس طرح کے کمیشنز کی نویت تفتیشی یا احتسابی ہوتی ہے۔‘
اشتر اوصاف نے کہا کہ ’کمیشن نے یہ نہیں دیکھنا ہوتا کہ کس نے کیا کہا اور کس کی کیا شکایت ہے؟ بلکہ یہ معاملہ کی تفتیش کرتا ہے۔ اس طرح کے کمیشن ’کیا کہا گیا‘ میں نہیں پھنستا بلکہ کیا کہا گیا؟ کس نے کہا؟ اس کے شواہد کیا ہیں؟ کیا اس طرح کی مزید باتیں ہوئیں؟ کب اور کس طرح ہوئیں؟ کمیشنز تشخیص کے لیے ہوتے ہیں جب تشخیص ٹھیک طرح سے ہو جاتی ہے تو مداوا ممکن ہوتا ہے۔‘سابق اٹارنی جنرل پرامید ہیں کہ جسٹس (ر) تصدق جیلانی اس معاملے کو ’تیزی سے حل‘ کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط میں ملک کے حساس اداروں پر الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ پورا عمل حساس اداروں کے ہی مفاد میں ہو گا۔’اگر حساس ادارے تعاون کریں تو یہ ملک کے مفاد میں بھی ہو گا۔ کیا عدالتیں حساس نہیں؟ کیا الیکشن کمیشن اور دیگر ادارے حساس نہیِں ہیں؟ ان (ایجنسیوں) کی حساسیت الگ نہیں ہے بلکہ یہاں سکیورٹی کا اضافی حساس عنصر آ جاتا ہے اور یہ سکیورٹی پاکستان کی ہے۔ مجھے امید ہے تمام سکیورٹی ادارے اپنے سارے معاملات کو کھل کر بیان کریں گے۔‘
سینیئر تجزیہ کار وجاہت مسعود کے مطابق جب کوئی ادارہ جوابدہ نہیں ہوتا تو وہاں کرپشن و دھونس اور بددیانتی کا عنصر ضرور شامل ہوتا ہے۔ اگر جوابدہی کی روایت قائم ہوجائے گی تو یہ انہی اداروں کے حق میں ہے۔‘
جسٹس (ر) تصدق جیلانی کمیشن کے حوالے سے مبصرین امیدیں لگائے بیٹھے ہیں کیونکہ ان کے مطابق ماضی کی نظیروں سے نتائج برآمد ہونے کے حوالے ملتے ہیں۔ وجاہت مسعود کی رائے میں کمیشنز کی جانب سے فیصلے دینے اور انکوائری کرنے کی روایت موجود ہے لیکن عمل درآمد کا انحصار حکومت پر ہوتا ہے۔’عمل درآمد کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ حکومت وقت کتنی مضبوط ہے۔ اس حوالے سے میرا خیال ہے کہ اس وقت ملک میں جس طرح کی تقسیم ہے تو اس پر پردہ ڈالنا ممکن نہیں ہو گا۔ تصدق حسین جیلانی کے حوالے سے بھی میری رائے ہے کہ ان سے زیادہ غیرجانبدار اور اصول پسند حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججز میں شاید ہی کوئی ہو۔‘
سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف ماضی میں قائم ہونے والے کمیشنز اور ان کے نتائج سے متعلق بتاتے ہیں کہ ماضی میں جتنے بھی کمیشنز بیٹھے ہیں اور ان کی فائنڈنگز سفارشات کی حیثیت رکھتی ہیں۔’ان سفارشات کی روشنی میں قانون سازی ہوتی رہی ہے۔
