بجلی صارفین دُوہرا بوجھ اٹھانے پر کیوں مجبور ہیں؟

بجلی استعمال کرنے والے عام صارفین ایک تو مہنگی بجلی سے پریشان ہیں تو دوسری طرف سولر پینل کی تنصیب سے واپڈا کو ہونے والے نقصان کا خمیازہ بھی عام بجلی صارفین کو برداشت کرنا پڑھ رہا ہے، پاکستان میں حالیہ برسوں میں بجلی کے نرخوں میں بے تحاشا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور بجلی کے بیس ٹیرف میں مختلف سلیبز میں نوے سے سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے گزشتہ چند برسوں کے دوران ملک میں سولر پینل کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے مگر ان افراد کو پریشانی اس وقت لاحق ہوئی جب گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئیں جن میں کہا گیا کہ حکومت سولر پینل کے ذریعے بجلی پیدا کرنے والے افراد پر ٹیکس لگانے جا رہی ہے۔ان خبروں میں دعویٰ کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے ایسے گھریلو اور کمرشل صارفین پر ٹیکس عائد کیا جائے گا جو سولر پینل کے ذریعے اپنی بجلی خود پید ا کر رہے ہیں اور یہ ٹیکس دو ہزار روپے فی کلو واٹ ہوگا۔ ان خبروں میں کہا گیا کہ پاکستان کے پاور ڈویژن کی جانب سے یہ سمری تیار کر کے حکومت کو بھیجی گئی ہے تاہم ایسی خبروں کی حکومت کی جانب سے تردید کی گئی ہے۔ پاور ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ’یہ بات درست ہے کہ نیٹ میٹرنگ کا موجودہ نظام شمسی توانائی میں غیر صحت مندانہ سرمایہ کاری کو فروغ دے رہا ہے کیونکہ صاحبِ ثروت لوگ بے تحاشہ سولر پینل لگا رہے ہیں۔ جس کے نتیجے میں گھریلو اور صنعتی صارفین سمیت حکومت کو بھی سبسڈی کی شکل میں ایک روپے 90 پیسے کا بوجھ برادشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی سے تین کروڑ غریب صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔ اور اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو اگلے دو برسوں میں ان ڈھائی سے تین کروڑ غریب صارفین کے بلوں میں کم از کم تین روپے 35 پیسے فی یونٹ کا مزید اضافہ ہو جائے گا۔پاورڈویژن نے کہا ہے کہ وہ اس پورے نظام کا بڑی باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے اور ایسی تجاویز اور ترامیم پر غور کر رہا ہے جن سے غریب آبادی کو مزید بوجھ سے بچایا جاسکے اور ساتھ ہی ساتھ ڈیڑھ سے دو لاکھ نیٹ میٹرنگ والے صارفین کی سرمایہ کاری کا تحفظ کیا جائے۔نیپرا کی موجودہ مالی سال کے لیے جو انرجی پرچیز پرائس طے کی گئی ہے اس کے مطابق حکومت 20.60 روپے فی کلو واٹ بجلی خریدے گی جس میں صرف کیپسٹی چارجز 14.09 روپے فی کلو واٹ ہے، حکومت کو اس سال بجلی کی خریداری پر تقریباً 2900 ارب روپے خرچ کرنے ہیں جس میں 1950 روپے اسے کیپسٹی چارجز کی صورت میں ادا کرنے ہیں۔راؤ عامر نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے کیپسٹی چارجز کی صورت میں بڑی رقم ادا کی جا رہی ہے اور یہ رقم اور زیادہ ہوتی اگر تحریک انصاف کی حکومت میں نوے کی دہائی کے پاور پلانٹس کے کیپسٹی چارجز کو ڈالر کی قیمت 160 روپے پر فکس نہ کی جاتی۔پاکستان میں مالی سال 2023 میں سولر انرجی کا مجموعی بجلی کی پیداوار میں حصہ 0.8 فیصد رہا جب کہ پن بجلی 28.6 فیصد، نیوکلیئر 18.6 فیصد، آر ایل این جی 17.1 فیصد، کوئلہ 16 فیصد، گیس 11 فیصد اور فرنس آئل کا حصہ چار فیصد رہا، توانائی کے ماہرین کے مطابق سولر انرجی کو زیادہ تر وہ افراد اپنا رہے ہیں جو استطاعات رکھتے ہیں اور بنیادی مسئلہ نیٹ میٹرنگ ہے جس میں حکومت کو سولر انرجی کے ذریعے بجلی بنانے والے صارفین سے بجلی خریدنا پڑتی ہے۔پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران سولر انرجی کے استعمال کے بڑھتے رجحان کو دیکھا گیا ہے۔اس بارے میں توانائی کے شعبے کے ماہر ریونیوبل فرسٹ میں پروگرام منیجر مصطفیٰ امجد نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ پاکستان میں سولر انرجی ایک نئی پیش رفت ہے جس میں اس وقت زیادہ اضافہ دیکھا گیا جب ملک میں بجلی قیمتوں میں زیادہ اضافہ ہوا۔ انھوں نے کہا نیٹ میٹرنگ والے سولر پینل امیر افراد ہی لگا سکتے ہیں کیونکہ اس کی لاگت بہت زیادہ ہے۔ملک میں کتنے افراد سولر پینل استعمال کرتے ہیں اس کے بارے میں فی الحال کوئی سرکاری اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔
