انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان کی عمدہ بولنگ، بھارت کے 8 کھلاڑی 190 رنز پر پویلین لوٹ گئے
گروپ اے کے اہم مقابلے میں بھارتی بیٹنگ لائن پاکستانی باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار ہوگئی۔

انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔
بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے حریف بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا۔ بھارت نے42.3 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنا لیے ہیں اور اس کی بیٹنگ جاری ہے۔
پاکستان کو ابتدائی کامیابی نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے دلائی، جنہوں نے بھارتی کپتان لکشیا راج چندانی کو بغیر کوئی رن بنائے بولڈ کرکے پویلین واپس بھیج دیا۔ علی رضا نے ابتدائی اوورز میں عمدہ لائن اور لینتھ کے ساتھ بھارتی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
یہ مقابلہ عمان کے شہر العامرات کے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کر رہے ہیں جبکہ بھارتی ٹیم کی کپتانی لکشیا راج چندانی کے سپرد ہے۔
دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی میچز جیت کر اس مقابلے میں اتری ہیں۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے نیپال کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم گزشتہ ایڈیشن کی دفاعی چیمپئن ہے۔ گزشتہ سال ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
موجودہ ایڈیشن میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ بھارتی اننگز کا جلد خاتمہ کرکے ایک قابلِ حصول ہدف کا تعاقب کیا جائے اور روایتی حریف کے خلاف کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کی جانب پیش قدمی مزید مضبوط بنائی جائے۔
