ریما خان کی بڑے فلمی منصوبے کے ساتھ سلور اسکرین پر واپسی کی تیاریاں

معروف پاکستانی اداکارہ نے ہدایت کار وجاہت رؤف کی فلم ’پنچھی پیارے‘ سائن کرلی، شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے واپسی پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان ایک بڑے سنیما پروجیکٹ کے ذریعے فلمی دنیا میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔

ریما خان کا شمار پاکستان کی مقبول اور کامیاب فلمی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1990ء کی دہائی میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر کے دوران متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وہ اداکاری سے دور تھیں اور ان کے مداح طویل عرصے سے ان کی واپسی کے منتظر تھے۔

اداکارہ نے ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کے بعد امریکا میں سکونت اختیار کرلی تھی، جہاں وہ اپنی خاندانی زندگی پر توجہ دے رہی تھیں۔ اب وہ ایک بڑے فلمی منصوبے کے ذریعے دوبارہ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔

ریما خان نے ہدایت کار اور پروڈیوسر وجاہت رؤف کی فلم ’پنچھی پیارے‘ سائن کرلی ہے۔

وجاہت رؤف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے ریما خان کی فلمی واپسی کا اعلان کیا اور معروف اداکارہ کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

ریما خان کی واپسی کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ عمران عباس، زویا ناصر اور علی رحمان خان سمیت متعدد فنکاروں نے ریما خان اور وجاہت رؤف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Back to top button