کوشل مینڈس پاکستان میں سکیورٹی انتظامات کے معترف، پاکستانی کھانوں کو سری لنکن کھانوں جیسا قرار دے دیا
سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک ماہ سے زائد عرصہ کرکٹ کھیلنے کے دوران سکیورٹی بہترین رہی، ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ میں بھی اچھا توازن موجود ہے۔

راولپنڈی: سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے پاکستان میں سکیورٹی انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے کھانے تقریباً ایک جیسے ہیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوشل مینڈس نے کہا کہ انہیں پاکستان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ ہو چکا ہے اور یہاں سکیورٹی کے انتظامات بہترین ہیں۔
انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ وائٹ بال فارمیٹس سے مختلف ہے اور ہر کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے۔
سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ میں اچھا توازن موجود ہے، جبکہ بولرز کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر آ رہے ہیں اور اچھی فارم میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی سوچ ہمیشہ مثبت رہتی ہے اور وہ بطور سینئر کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی مکمل طور پر پرفیکٹ نہیں ہوتا اور بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔ وہ اپنی غلطیوں کا جائزہ لیتے ہیں اور جتنا زیادہ کھیلیں گے، اتنی ہی بہتری کی جانب بڑھیں گے۔
