لاہور فضائی آلودگی میں دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر برقرار
شہر میں فضائی آلودگی کی سطح 291 ریکارڈ، ننکانہ صاحب اور ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب کے کئی دیگر شہر بھی انتہائی مضرِ صحت فضا کی لپیٹ میں ہیں۔

لاہور: دنیا کے بڑے آلودہ شہروں میں لاہور آج صبح بھی سرفہرست رہا، جہاں فضائی آلودگی کی سطح 291 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے دیگر متعدد شہروں میں بھی فضائی معیار انتہائی مضرِ صحت رہا۔ عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق کچھ دیر قبل ننکانہ صاحب میں سب سے زیادہ 685 اور ڈیرہ غازی خان میں 611 پرٹیکیولیٹ میٹر فضائی آلودگی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح جھنگ میں فضائی آلودگی کی سطح 498، ملتان میں 301، گوجرانوالہ میں 296 اور فیصل آباد میں 294 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی۔
