پاکستان نے کوریا کو شکست دے کر ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

مردوں کے فائنل میں پاکستان نے کوریا کو 2-0 سے ہرایا، خواتین کے مقابلے میں ہانگ کانگ چین نے ملائیشیا کو شکست دے کر ایشیائی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

اسلام آباد: پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا مینز ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

اسلام آباد کے مصحف علی میر اسکواش کمپلیکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے مینز فائنل میں پاکستان نے کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔

فائنل مقابلے میں نور زمان نے کوریا کے کھلاڑی جیونگ من ریو کو جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو شکست دے کر پاکستان کی کامیابی یقینی بنائی۔

خواتین کے فائنل میں ہانگ کانگ چین نے ملائیشیا کو 2-1 سے ہرا کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل حاصل کیا۔

چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں اسکواش کے لیجنڈ کھلاڑی گوگی علاؤالدین، قمر زمان اور جان شیر خان کے علاوہ مہمانِ خصوصی عادل جاسم الغریب نے انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ایئر مارشل کاظم حماد، ایچ آئی (ایم)، اور سینئر نائب صدر اے وی ایم سہیل اکبر، ایس آئی (ایم)، بھی موجود تھے۔

Back to top button