سلمان خان کی زندگی پر فلم بنانے سے متعلق سوال، اداکار کے جواب نے محفل کشتِ زعفران بنا دی
بالی ووڈ اسٹار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ان کی زندگی پر حقیقت پر مبنی فلم بنی تو کئی لوگ ڈوب جائیں گے۔

کیا بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی زندگی پر کبھی سوانحی فلم بنائی جائے گی؟ ایک تقریب کے دوران اس سوال پر اداکار کے دلچسپ جواب نے شرکاء کو قہقہے لگانے پر مجبور کردیا۔
تقریب میں سلمان خان سے پوچھا گیا کہ کیا مستقبل میں ان کی زندگی پر بھی کوئی سوانحی فلم بنائی جاسکتی ہے؟
اس سوال کے جواب میں اداکار نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی میں ایسا کچھ نہیں جس پر فلم بنائی جائے تو وہ کامیاب ہوسکے، تاہم ان کی زندگی میں بہت کچھ ایسا ضرور ہے کہ اگر اس پر حقیقت پر مبنی سوانحی فلم بنائی گئی تو بہت سے لوگ ڈوب جائیں گے۔
سلمان خان کے اس دلچسپ جواب پر تقریب میں موجود افراد بے اختیار ہنسنے لگے۔
