امریکی پائلٹ نے 8 گھنٹے کی پرواز میں آسمان پر ’جی ٹی اے 6‘ کا دیوہیکل خاکہ بنا دیا
’پائلٹ پکاسو‘ کے نام سے مشہور بینجمن میک ڈینیئل نے طیارے کے مخصوص راستے کے ذریعے ویڈیو گیم کو منفرد خراجِ تحسین پیش کیا۔

امریکا کے ایک پائلٹ نے ہوا بازی اور فن سے اپنی دلچسپی کو منفرد انداز میں پیش کرتے ہوئے مقبول ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6‘ کا دیوہیکل خاکہ آسمان پر بنا ڈالا، جسے سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
بینجمن میک ڈینیئل، جو سوشل میڈیا پر ’دی پائلٹ پکاسو‘ کے نام سے معروف ہیں، نے اپنی اس فضائی تخلیق کی ویڈیو اور تصاویر بھی شیئر کیں۔ انہوں نے اپنے سیسنا اسکائی لین آر جی طیارے کو پہلے سے طے شدہ پرواز کے راستے پر اڑاتے ہوئے یہ خاکہ تیار کیا۔
بینجمن نے آرکنساس کے شہر بینٹن وِل کے ہوائی اڈے سے صبح 11 بج کر 29 منٹ پر پرواز شروع کی اور شام تقریباً 7 بج کر 37 منٹ پر واپس اسی ہوائی اڈے پر پہنچے۔ اس طرح ان کی پرواز کا مجموعی دورانیہ 8 گھنٹے اور 8 منٹ رہا۔
آسمان پر بنائے گئے اس منفرد خاکے میں ’جی ٹی اے 6‘ کا لوگو ایک ہیلی کاپٹر کے نیچے دکھائی دیتا ہے، جبکہ اس کے ساتھ فلوریڈا سے متاثر مختلف مناظر بھی شامل ہیں۔ ان میں مگرمچھ، کھجور کے درخت، اسپورٹس کار اور ایک خاتون کا خاکہ نمایاں ہیں۔
بینجمن کے لیے اس نوعیت کا فن پارہ تخلیق کرنا محض ایک مخصوص شکل میں پرواز کرنے کا معاملہ نہیں تھا، بلکہ انہیں طیارے کی کارکردگی، موڑ، بلندی اور مقام کو مدنظر رکھتے ہوئے پرواز کا راستہ ترتیب دینا پڑا تاکہ یہ کام محفوظ انداز میں مکمل کیا جاسکے۔
انہوں نے اپنی تخلیق کے ساتھ مزاحیہ انداز میں لکھا کہ آسمان پر ’جی ٹی اے 6‘ بنانے میں 8 گھنٹے لگے، لیکن حقیقت میں وہ اس لمحے کا 11 سال سے انتظار کر رہے تھے۔
ان کی اس غیر معمولی کاوش کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
