چیف جسٹس سمیت سپریم کورٹ کے پانچ ججز کو دھمکی آمیز خط موصول

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت سپریم کورٹ کے پانچ ججز کو بھی دھمکی آمیز خط موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ کسی کے دبائو میں نہیں آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ خطوط تحریک ناموس پاکستان نامی تنظیم کی طرف سے بھیجے گئے ہیں، خطوط میں ناانصافی،بدامنی اور کرپشن ختم نہ کرنے پر ججز کو دھمکیاں دی گئی ہیں، اس سے قبل اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی شہزاد بخاری نے سپریم کورٹ کے ججوں کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کا انکشاف کیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو موصول دھمکی آمیز خطوط  کے معاملے پر ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری عدالت میں پیش  ہوئے۔ہائیکورٹ میں اپنے بیان میں ڈی آئی جی نے انکشاف کیا کہ سپریم کورٹ کے چار ججز کو بھی اس طرح کے خطوط ملے ہیں۔

شہزاد بخاری نے بتایا کہ خط میں ملنے والا  کیمیکل معائنے کے لیے بھجوا دیئے ہیں۔ ’تین سے چار دن میں رپورٹ آ جائے گی۔عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں سے خطوط پوسٹ کیے گئے تھے؟ ڈی آئی جی نے جواب دیا کہ خط پر موجود سٹیمپ نہیں پڑھی جا رہی ہے۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز کے خط پر از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس نے عدالتی امور میں مداخلت، اہل خانہ، رشتہ داروں اور دوستوں کے ذریعے دباؤ ڈالنے اور مختلف طریقوں سے اثرانداز ہونے کے ایجنسیوں پر الزامات پر مبنی خط کا ازخود نوٹس لیا تھا، سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ایک میں تمام ججوں پر مشتمل سات رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے، لارجر بینچ میں سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ سمیت جسٹس یحیٰ آفریدی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔

Back to top button