کیا پاکستان میں پٹرول اور بجلی مزید مہنگی ہونے والی ہے؟

پاکستان میں گزشتہ برسوں سے جاری معاشی زبوں حالی کی وجہ سے مزدور پیشہ افراد کی آمدن یا تو کم ہوئی ہے یا وہیں کی وہیں ہے لیکن پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز ہونے والے مسلسل اضافے نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ مبصرین نے خبردار کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد آنے والے دنوں میں پٹرول اور بجلی کی قیمتیں مزید بڑھنے والی ہیں۔اتوار کو وزارت خزانہ نے قیمتوں کے پندرہ روزہ جائزے کے بعد ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں 9 روپے 66 پیسے اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ آٹھ فروری کے بعد منتخب ہونے والی حکومت کے کام شروع کرنے کے بعد پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں یہ پہلا بڑا اضافہ ہے۔حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 279 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 289 روپے 41 پیسے ہوگئی ہے۔ تاہم ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے 32 پیسے کی معمولی کمی کی گئی ہے جس کے بعد 282 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
جبکہ دوسری جانب نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافہ کی منظوری دے دی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مزید بوجھ بڑھے گا اور مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔معاشی ماہرین کے مطابق اگرچہ مارچ کے آخر میں ملک میں مہنگائی کی شرح 22 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی تھی لیکن مہنگائی کم ہونے کے باوجود رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں مہنگائی کی اوسط شرح 27.19 فی صد رہی ہے۔ یہ شرح حکومت کے مقرر کردہ سالانہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ حکومت نے رواں سال بجٹ میں مہنگائی میں اضافے کی زیادہ سے زیادہ شرح 21 فی صد تک رکھنے کا ہدف طے کیا تھا۔ماہرین کے مطابق گزشتہ ماہ مارچ کے دوران مہنگائی کی شرح 20 اعشاریہ 68 فی صد رہی جو مئی 2022 کے بعد ایک ماہ میں سب سے کم شرح ہے جب یہ شرح 13 اعشاریہ 8 فی صد ریکارڈ کی گئی تھی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے نتیجے میں رواں مہینے میں مہنگائی کی شرح بڑھ سکتی ہے۔
دوسری جانب بعض مبصرین اس خدشے کا بھی اظہار کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کے معاہدے کے بعد پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی مزید بڑھے گی جو کہ اس وقت بھی 60 روپے ہے۔ پیٹرولیم لیوی میں ممکنہ اضافے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔خیال رہے کہ حکومتی محصولات کم ہونے کی وجہ سے آئی ایم ایف کے کہنے پر حکومت نے 2021 میں پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی یعنی پی ڈی ایل کا نفاذ کیا تھا۔ جس میں ہر ماہ چار روپے فی لیٹر اضافہ کیا جانا تھا۔ بعد میں یہ 30 روپے فی لیٹر اور پھر اسے 60 روپے فی لیٹر پر کردیا گیا تھا جو اب بھی برقرار ہے۔
دوسری جانب مہنگائی کے مارے عوام کو ایک اور جھٹکا لگاتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں پونے تین روپے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے۔نپیرا کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔نیپرا کے مطابق اپریل، مئی اور جون کے مہینوں میں صارفین سے اضافی وصولیاں کی جائیں گی۔واضح رہے کہ بجلی کی قیمت میں 2 روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافے سے صارفین پر 85 ارب 20 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑےگا۔
