کیا سینیٹ میں اب آزاد امیدواروں کا بول بالا ہو گا؟


پاکستان میں 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے نامزد امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے جن میں جہاں سیاسی جماعتوں کو جہاں دیدہ رہنماؤں کو سینیٹ ٹکٹس جاری کئے گئے ہیں وہیں مختلف آزاد امیدوار بھی سیاسی جماعتوں کے تعاون سے بلامقابلہ سینیٹ کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ سینیٹ کی 48 خالی نشستوں میں سے 18 پر امیدوار بلامقابلہ منتخب کر لیے گئے جبکہ باقی 30 نشستوں پر انتخاب دو اپریل کو ہو گا۔ ان میں پنجاب کی سات جنرل نشستوں، بلوچستان کی سات جنرل نشستوں، دو خواتین اور دو ٹیکنوکریٹ اور علما کی نشستیں شامل ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کی 11 نشستوں پر سینیٹ الیکشن خطرات سے دوچار ہے، خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف نہ لینے پر بدستور بضد ہے۔الیکشن کمیشن پہلے ہی تنبیہ کر چکا ہے کہ اگر ارکان کو حلف نہ دلوایا گیا تو کمیشن خیبر پختونخوا کی حد تک سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے پر مجبور ہو گا، صوبائی حکومت اس معاملے پر پیر کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔


اس بار ایسے آزاد امیداروں کے نام سامنے آئے ہیں جو حالیہ کچھ عرصے میں پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں ان میں محسن نقوی، انوار الحق کاکڑ، فیصل واوڈا، احد چیمہ جیسے نام شامل ہیں۔اگر محسن نقوی کی بات کی جائے تو ایسا لگتا ہے انھیں بظاہر پنجاب کی تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے کیونکہ جب وہ کاغذات نامزدگی کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر میں آئے تو ان کے تائید و تجویز کنندہ میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ عمران نذیر، پیپلز پارٹی کے سید علی حیدر گیلانی، مسلم لیگ (ق) کے چودھری شافع حسین اور استحکام پاکستان پارٹی کے غضنفر عباس چھینہ شامل تھے۔اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا ایک بار پھر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ کیونکہ وہ بھی آزاد حیثیت میں سینیٹ کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کل آزاد کا سیزن چل رہا ہے تو انھوں نے بھی آزاد حیثیت سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل جب فیصل واوڈا کی آصف زرداری سے اچانک ملاقات کی تصویر منظر عام پر آئی تھی تو اس وقت فیصل واوڈا نے بتایا تھا کہ یہ ایک معمول کی ملاقات تھی، جس میں آصف علی زرداری کی خیریت دریافت کی گئی تاہم اس میڈیا میں یہ خبریں دی تھیں کہ مذکورہ ملاقات سینیٹ کی نشست کے حصول کے ضمن میں ہی کی گئی تھی۔سیاسی جوڑ توڑ کی اس تصویر کا حیران کن پہلو ایم کیو ایم پاکستان ہے کیونکہ فیصل واوڈا کے تجویز اور تائید کنندگان ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی علی خورشیدی اور عادل عسکری ہیں، جس سے ایم کیو ایم کی فیصل واوڈا کو سینیٹر بنانے میں دلچسپی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔تاہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا سیاسی جماعتیں ان آزاد امیداروں کی حمایت کسی دباؤ پر کر رہی ہے؟اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی رہنما اعظمی بخاری کا کہنا ہے کہ ان امیدواروں کی حمایت کرنے کے کوئی محرکات نہیں ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی دباؤ ہے۔’سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ، خواتین، اقلیت کی بنیاد پر بھی سیٹیں ہوتی ہیں اور محسن نقوی ہوں، انوارالحق کاکڑ ہوں یا کوئی اور ان سب نے ماضی میں پرفارم کیا ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیا ہے۔ ایسے میں اگر مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ ان کو سینیٹ میں پاکستان کی بہتری کے لیے کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

‘
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان سینیٹ کے امیدواروں کو ’لاڈلہ‘ کہنے والے تو خود ہی بطور لاڈلے آئے تھے۔ انھوں نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں ان سے زیادہ لاڈلہ تو کوئی نہیں آیا۔’یہ لوگ ہمیں نہ بتائیں کہ حکومت کیسے چلنی اور بنانی ہے۔ اگر مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ محسن نقوی وزارت داخلہ میں بہتر طور پر خدمات انجام دے سکتے ہیں تو کسی کے پاس اعتراض کا کوئی جواز نہیں بنتا۔دوسری جانب سیاسی تجزیہ کار اور صحافی سلمان غنی کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاست پر نظر دوڑائیں تو نو مئی کے واقعے کے بعد نہ صرف پاکستان تحریک انصاف کمزور ہوئی ہے بلکہ اس کے اثرات پاکستان کی سیاسی قیادت اور جماعتوں پر بھی پڑے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد پاکستان کی سیاسی و جمہوری قوتیں دفاعی پوزیشن پر چلی گئی ہیں۔ اسی لئے سابق نگران دور بھی سیاسی جماعتوں کے منشا و مرضی کے مطابق نہیں تھا۔سلمان غنی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ کی ایک سیاسی حیثیت و اہمیت ہے اور اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی سیاسی قوتیں توقعات کے مطابق ڈیلیور نہیں کر پائی ہیں۔جب جب کسی ملک کی سیاسی قوتیں کمزور پڑتی ہیں تو پھر وہاں کی اسٹیبلشمنٹ یہ خلا پرُ کرتی ہے۔

‘
سلمان غنی کے مطابق سینیٹ انتخابات کئی حوالوں سے اہم ہیں ’جو کچھ آزاد امیدواروں کو تمام جماعتوں کی مشترکہ حمایت حاصل ہے اس کی وجہ میرے نزدیک یہ ہے کہ موجودہ حکومت نگران حکومت کا تسلسل ہی ہے، اس لیے کیونکہ پاکستان کے سیاستدانوں کی ناچاقی کی وجہ سے مقتدرہ بالادست ہو گئی ہے۔تاہم وہ کہتے ہیں کہ اگرچہ سیاسی طور پر اسٹیبلمشمنٹ کا کردار تو کوئی نہیں لیکن ملکی معاشی بحران کے لیے پاکستان کی فوج کے سپہ سالار نے دوست ممالک سے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایک کردار ادا کیا ہے۔ جب اس معاملے میں ان کا کردار نظر آتا ہے تو یقیناً بڑے فیصلوں پر بھی ان کا کردار ہوگا اور جن افراد کو سینیٹ کے بلا مقابلہ رکن منتخب کیا جا رہا ہے ان کو ان حلقوں کی تائید حاصل ہے۔تجزیہ نگار و صحافی ماجد نظامی کے مطابق گذشتہ دس برس کے دوران پاکستان کی سیاست میں ایک تبدیلی یہ آئی ہے کہ پہلے غیر منتخب افراد پس پردہ رہ کر حکومتی معاملات چلاتے تھے لیکن اب ان برسوں کے دوران کئی پس پردہ کردار سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔’اسی تناظر میں اگر سینیٹ کے الیکشن کو دیکھیں تو پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بھی فروغ نسیم کے بارے میں بھی ایم کیو ایم سے سننے کو ملتا تھا کہ یہ ہمارے نہیں بلکہ کسی اور کے کوٹے پر وزیر بنے ہیں۔پہلے اسٹیبلشمنٹ حکومت کو پیغامات دیتی تھی اب انھوں نے اپنے لوگوں کو ہی ایڈجسٹ کروانا شروع کر دیا ہے۔ماجد نظامی کہتے ہیں کہ سیاسی جماعتوں کی ان امیدواروں کی حمایت کرنے کی مجبوری اس لیے ہے کہ وہ جان چکی ہیں کہ اگر سرکار دربار یا حکومت میں رہنا ہے تو اسٹیبلشمنٹ سے بنا کر رکھنی ہے اور گذشتہ دس برسوں میں سب بڑی سیاسی جماعتوں کے ساتھ جو جو کچھ ہوا اس پر انھوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بنائے بغیر اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے۔

Back to top button