طالبہ لائبہ کی خودکشی کیس کا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا جانےکی خواہشمند طالبہ لائبہ کی خودکشی کیس کا ملزم نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم ملزم نعمان کو نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لےکر جا رہی تھی، تھانہ رمنا کی حدود میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے ملزم کو چھڑوانےکے لیے فائرنگ کی۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کے دوران ملزم نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا، زخمی ملزم نعمان کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑگیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ  پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی۔

ترجمان کے مطابق ملزم تھانہ رمنا کی حدود میں مبینہ خودکشی کرنے والی لائبہ کے مقدمے میں نامزد تھا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

خیال رہے کہ ملزم نعمان نے لائبہ کو امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلے اور سکالر شپ کے لیے جعلی ایڈمیشن لیٹر نکلوا کر لاکھوں روپے کا فراڈ کیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق امریکی ویزا اور سکالرشپ دلوانے کے نام پر مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی لائبہ اعجاز سے 93 لاکھ روپے لیےگئے، لائبہ کو جعلی اسکالرشپ، یونیورسٹی کے آفر لیٹرز اور فیس کی رسیدیں بھی دی گئیں۔

امریکا میں اعلیٰ تعلیم اور سکالر شپ کا خواب فراڈ ثابت ہونے پر شدید مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنے والی لائبہ نے 9 اکتوبر کو مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی تھی۔

 

 

Back to top button