خیبرپختونخوا میں خوش آئند تبدیلی کا خیرمقدم کرتے ہیں : وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کاکہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں خوش آئند تبدیلی کا خیر مقدم کرتے ہیں، خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا تھا اس لیے ایمرجنسی لگی،ایمرجنسی اور گورنر راج کا اقدام عوام کے تحفظ کےلیے کیا گیا۔
اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا تھا اس لیے ایمرجنسی لگی، 13 سالوں میں پی ٹی آئی حکومت دہشت گردی کو قابو نہ کرسکی،دہشت گردی میں لوگوں کو شہید کیا جارہا تھا لیکن صوبائی حکومت غافل رہی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ نہیں دی جاسکتی،صوبائی حکومت نے دہشت گردی کےخلاف مؤثر اقدامات نہیں کیے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو متحرک کیوں نہیں کیاگیا؟ کئی اضلاع میں سیف سٹی کیمرے نصب نہیں کیےگئے اور پولیس کو جدید اسلحہ بھی فراہم نہیں کیاگیا۔صوبائی معاملات کو نظرانداز کیا گیا،حالاں کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ دہشت گردی کے باعث لوگوں کو شہید کیا جاتا رہا،لیکن صوبائی حکومت غافل رہی۔جب پانی سر سے گزر گیا تو یہ انتہائی قدم اٹھایا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا اقدام عوام کے تحفظ کےلیے کیا گیا۔
انہوں نے سوال اٹھایاکہ این ایف سی کے تحت صوبے کو ملنے والے فنڈز کہاں خرچ ہوئے؟
عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ پاکستان آج دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کررہا ہے۔دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں اور 100 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھایا۔پاکستان نے دہشت گردی کےخلاف جنگ لڑکر دنیا کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا اور اس کی قربانیوں کے باعث ملک محفوظ ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان مختلف فورمز پر افغان حکام سے دہشت گردی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتا رہاہے۔افغانستان میں 20 ہزار سے زائد دہشت گرد موجود ہیں،جن میں ٹی ٹی پی کے 6 ہزار سے زیادہ دہشت گرد شامل ہیں۔ دہشت گرد افغان سرزمین پر محفوظ پناہ گاہوں میں موجود ہیں اور وہاں تربیت حاصل کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان ایک پُرامن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے،جو پاکستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے 40 سال تک 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور افغان عوام کےلیے پاکستان کی مہمان نوازی اور محبت دنیا کے سامنے ہے۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے سوا کوئی آپشن نہیں تھا : اسحاق ڈار
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان نے خطے میں قیام امن کےلیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کا کردار دنیا کے سامنے ہے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قیام امن کےلیے اہم کردار ادا کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ حکومت نے پی ٹی آئی سے کہا تھاکہ عمران خان سے ملاقات بھی ہوجائے گی،تاہم دہشت گردی کےخلاف حکمت عملی پر بھی بات ہونی چاہیے۔خیبرپختونخوا کے عوام محب وطن ہیں اور ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے۔

One Comment