افغان طالبان نے دہشت گردی کی حمایت بند نہ کی تو سنگین قیمت چکانا پڑے گی : ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے افغان طالبان کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت جاری رکھنے پر سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) بھی پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسی ہیں۔ افغان طالبان اپنے مذموم مقاصد کے حصول کےلیے غیر ریاستی عناصر اور کرائے کے جنگجوؤں کو استعمال کر رہے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھاکہ افغانستان اب بھی غیرریاستی عناصر کے زیر اثر ہے اور وہاں ایک ایسی رجیم قائم ہے جس کی موجودگی میں دہشت گرد تنظیموں کو پنپنے کا موقع ملا۔ افغانستان میں روسی مداخلت کےبعد متعدد انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پراکسی گروپس نے اپنی جڑیں مضبوط کرلیں۔
انہوں نے کہاکہ جیش العدل، القاعدہ اور داعش خراسان (آئی ایس کے پی) جیسی بین الاقوامی دہشت گرد تنظیمیں بھی افغانستان میں موجود ہیں۔ ن حقائق کی نشاندہی اقوام متحدہ، امریکا اور کئی دیگر ممالک بھی کرچکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ پاکستان افغان طالبان سے صرف ایک مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین سے پاکستان کےخلاف دہشت گردی کی حمایت بند کریں۔ افغان طالبان رجیم نے نور ولی محسود، بشیر زیب اور گل بہادر جیسے دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں دہشت گردی کےلیے دہشت گردوں کی تشکیلیں افغانستان سے آتی ہیں اور انہیں وہیں سے اسلحہ بھی فراہم کیاجاتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خبردار کیاکہ اگر افغان طالبان رجیم نے دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات اور مطالبات تسلیم نہ کیے تو اسے سنگین قیمت چکانا پڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ افغان طالبان رجیم کی عالمی سطح پر کوئی ساکھ نہیں،بین الاقوامی برادری کو اسے ایک معمول کی ریاست کی طرح رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرنا چاہیے۔
ترجمان پاک فوج نے عالمی برادری پر زور دیا کہ افغان طالبان کو منشیات کی کاشت اور پیداوار روکنے کے لیے بھی مجبور کیا جائے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیاکہ پاکستان کی مسلح افواج افغانستان کی جانب سے پیدا ہونےوالے تمام خطرات، بشمول ڈرون حملوں، کا مؤثر مقابلہ کرنے اور ان کا سدباب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
