پشاور ہائی کورٹ : خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف درخواستیں سماعت کےلیے مقرر

 

 

 

پشاور ہائی کورٹ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف درخواستیں سماعت کےلیے منظور کرلیں۔

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں بیرسٹر گوہر اور سلمان خان ایڈووکیٹ نے الگ الگ درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

درخواستوں میں وفاقی و صوبائی حکومت اور دیگر حکام کو فریق بنایاگیا ہے۔ درخواستوں میں فیڈریشن آف پاکستان،صدر،وزیراعظم،گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر کو فریق بنایاگیا ہے۔

دائر درخواستوں میں کہاگیا ہےکہ دہشت گردی کو بنیاد بناکر منتخب صوبائی حکومت کے خلاف کارروائی امتیازی سلوک ہے،بلوچستان میں دہشت گردی اور جانی نقصانات کے باوجود گورنر راج نافذ نہیں کیاگیا۔

درخواستوں کے مطابق دہشت گردی کو جواز بناکر خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کے اختیارات ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔

درخواستوں میں مؤقف اختیار کیاگیا ہےکہ 2007 سے 2015 تک دہشت گردی کے باوجود خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ نہیں کیاگیا۔

پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور امن کے قیام کی حمایت کرتی ہے،دہشت گردی کےخلاف مؤثر اقدامات نہ کرنے کے الزامات سیاسی دباؤ بڑھانے کےلیے استعمال کیے جارہے ہیں۔

درخواستوں کے مطابق وفاقی حکومت کو سیاسی اختلافات کی بنیاد پر منتخب صوبائی حکومت کے اختیارات ختم کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

عدالت سے یہ بھی کہاگیا ہےکہ پی ٹی آئی نے 2024 کے عام انتخابات میں خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت حاصل کی،گورنر راج کے نفاذ کےلیے آرٹیکل 234 کے تقاضوں اور طریقہ کار پر عمل ضروری ہے،ایمرجنسی کے نفاذ کو بھی آرٹیکل232 اور متعلقہ پارلیمانی تقاضوں کے مطابق جانچا جائے،مذاکرات کی ناکامی کو پی ٹی آئی کے خلاف جواز بنایا جارہا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران غیر قانونی اقدام کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی،آئینی اور جمہوری احتجاج کو امن و امان کےلیے خطرہ قرار دے کر منتخب حکومت معطل کرنا قابل سوال ہے۔

خیبرپختونخوا : پی ٹی آئی دور کے قانونی مشیروں کو ہٹانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ غیر آئینی،غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی ہے،ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ عوام کے بنیادی حقوق اور جمہوریت کے مینڈیٹ کے خلاف ہے۔

ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہےکہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے اقدام کو کالعدم اور غیر قانونی قراردیا جائے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک گورنر راج کے اعلامیے کو معطل کیا جائے۔

عدالت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف درخواستیں 20 اکتوبر کو سماعت کےلیے منظور کرلیں۔

Back to top button