صنعتی اور زرعی صارفین کےلیے اضافی بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ

صنعتی اور زرعی صارفین کےلیے بجلی مہنگی کرنے کی تیاری، اضافی کھپت پر فی یونٹ نرخ 2 روپے 32 پیسے بڑھانے کی منظوری دےدی گئی۔نیپرا نے رعایتی بجلی کا ٹیرف 22 روپے 98 پیسے سے بڑھاکر 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صنعتی اور زرعی صارفین کےلیے بجلی کی اضافی کھپت پر دیے جانے والے ریلیف میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔
نیپرا نے اضافی بجلی کھپت کے نرخ میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیتےہوئے ٹیرف 22 روپے 98 پیسے سے بڑھاکر 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ مقرر کردیا۔
نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا ہے، جس کےمطابق نئے نرخ نومبر 2026 کے بلنگ مہینے سے نافذ العمل ہوں گے۔
وفاقی حکومت اس وقت صنعتی اور زرعی صارفین کو اضافی بجلی استعمال کرنے پر فی یونٹ 11 سے 15 روپے تک ریلیف فراہم کر رہی ہے۔
نیپرا کے فیصلے کےمطابق اضافی کھپت کےلیے رعایتی نرخ میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔فیصلے کی منظوری چیئرمین نیپرا کے کاسٹنگ ووٹ کے ذریعے دی گئی، جب کہ اتھارٹی کے دو ارکان نے اختلافی نوٹ بھی تحریر کیے۔
پاکستانی سستی ایل پی جی گیس مہنگے داموں خریدنے پر مجبور کیوں؟
اختلافی نوٹ ممبر آمنہ احمد اور ممبر مقصود انور خان کی جانب سے لکھےگئے، جن میں 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ کےمقرر کردہ نرخ کو بےبنیاد قراردیا گیا۔
واضح رہےکہ وفاقی حکومت نے زرعی اور صنعتی شعبوں کےلیے اضافی بجلی کھپت پر تین سالہ ریلیف پیکج کا اعلان کیاتھا،جس کے تحت زرعی صارفین کےلیے 38 روپے اور صنعتی صارفین کے لیے 34 روپے فی یونٹ کے بجائے 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ نرخ مقرر کیے گئے تھے۔یہ رعایتی نرخ صرف گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلےمیں اضافی استعمال ہونے والی بجلی پر لاگو تھے۔اب اس رعایتی ٹیرف کو بڑھ کر 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسری جانب ترجمان پاور ڈویژن کاکہنا ہےکہ صنعتی اور زرعی صارفین کے بنیادی بجلی ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی،صرف اضافی بجلی کھپت پر فی یونٹ نرخ میں 2 روپے 32 پیسے تک اضافے کی تجویز ہے۔
