کیا حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذکراتی عمل کی بحالی ممکن ہے؟

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کو ملکی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مذاکراتی عمل کیلئے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی وزیراعظم ہاؤس جانے پر آمادگی سے بامقصد سیاسی مکالمے کی امید پیدا ہوگئی ہے، تاہم مبصرین کے مطابق مذاکرات کی کامیابی کا انحصار محض ملاقات پر نہیں بلکہ باہمی اعتماد، واضح ایجنڈے اور عملی فیصلوں پر ہوگا کیونکہ سیاسی اختلافات کو انتظامی اقدامات کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا جمہوری نظام کے استحکام اور قومی مفاد کے لیے ضروری ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس جانے پر آمادگی اس بات کا اشارہ ہے کہ سیاسی حالات نے فریقین کو مذاکرات کی اہمیت کا احساس دلایا ہے۔ اس سے پہلے اپوزیشن کی جانب سے اہم آئینی معاملات پر بات چیت کے لیے تحفظات سامنے آتے رہے ہیں، لیکن اب اصل سوال یہ ہے کہ آیا یہ آمادگی کسی نتیجہ خیز پیش رفت میں تبدیل ہوتی ہے یا نہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ مذاکرات میں ایسے رہنما شریک ہوں جو فیصلے کرنے اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانے کی سیاسی صلاحیت رکھتے ہوں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق جمہوری نظام میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات فطری ہوتے ہیں، لیکن مستقل ڈیڈ لاک مسائل کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔ اپوزیشن کی مذاکرات میں دلچسپی کے پیچھے سیاسی کردار کی بحالی کے ساتھ گرفتار اور نظر بند رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی جیسے معاملات بھی اہم ہو سکتے ہیں۔ تاہم مذاکرات کی کامیابی کے لیے دونوں فریقوں کو اپنے مؤقف میں لچک پیدا کرنا اور اختلافات کو سیاسی دائرے میں حل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کو کمزوری کے بجائے قومی ذمہ داری سمجھنا چاہیے۔ کسی سیاسی جماعت کے بعض رہنماؤں کے سخت مؤقف کی بنیاد پر پوری جماعت کو ایک ہی نظر سے دیکھنا سیاسی مفاہمت کے امکانات محدود کر سکتا ہے۔ اسی طرح اپوزیشن کو بھی جمہوری طرزِ عمل اختیار کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے اپنے مطالبات پیش کرنے چاہییں، تاکہ سیاسی کشیدگی کم اور معاملات آگے بڑھ سکیں۔
آئینی امور کے ماہرین کے خیال میں اہم ریاستی تقرریوں کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاقِ رائے ضروری ہے، کیونکہ ایسے فیصلوں کے اثرات سیاسی جماعتوں سے آگے ریاستی اداروں اور نظام پر مرتب ہوتے ہیں۔ تاہم اگر اپوزیشن ان تقرریوں کو اڈیالہ جیل سے منظوری کے ساتھ مشروط کرتی ہے تو مذاکراتی عمل پیچیدگی کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آئینی معاملات کو سیاسی مفادات کے بجائے متعلقہ قانونی تقاضوں اور قومی مفاد کے تناظر میں دیکھا جائے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مذاکراتی عمل میں مولانا فضل الرحمن کو اعتماد میں لینا بھی اہم ہو سکتا ہے، کیونکہ وہ اپوزیشن کی سیاست میں ایک مؤثر کردار ادا کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اگر متعلقہ سیاسی قوتیں مشترکہ مشاورت سے آگے بڑھتی ہیں تو مذاکرات کے لیے وسیع تر اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم اس عمل کی کامیابی کے لیے ضروری ہوگا کہ تمام فریق واضح ترجیحات اور قابلِ عمل تجاویز کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ملاقات بذاتِ خود کامیابی نہیں، بلکہ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیش رفت اصل اہمیت رکھتی ہے۔ سیاسی قیدیوں کے معاملات، آئینی تقرریوں اور دیگر قومی امور پر سنجیدہ گفتگو کے ذریعے اعتماد سازی کی جا سکتی ہے۔ اگر دونوں فریق سیاسی ضد سے نکل کر عملی فیصلوں کی طرف بڑھتے ہیں تو مذاکرات جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
