مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں : وزیر اعظم

 

 

 

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تنازع جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام ممکن نہیں،مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف بالکل واضح،مستقل اور اصولی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اس غم انگیز اور تاریخی دن پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی قوم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کشمیری عوام کو ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت کی فراہمی جاری رکھےگا اور ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر ان کےجائز حقوق کےلیے آواز بلند کرتا رہےگا۔

انہوں نے کہاکہ 79 برس قبل بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئی تھیں،جس سے جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک دردناک اور سیاہ باب کا آغاز ہوا،جس کا تاریک سایہ آج بھی اس خطے پر پھیلا ہوا ہے۔اس دن سے لےکر آج تک کشمیریوں کو ان کے بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت سے محروم رکھا جارہا ہے، جس کی ضمانت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ وادی کے لوگوں نے بےپناہ مصائب،ستم اور جابرانہ اقدامات برداشت کیےہیں، لیکن ان کے حوصلے،ہمت اور آزادی کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔کشمیریوں کی نسل در نسل دی جانےوالی عظیم قربانیاں ان کے آزادی،وقار اور انصاف کے ساتھ جڑے رہنے کا ایک محکم ثبوت ہیں۔

شہبازشریف نے نشاندہی کی کہ بھارت مسلسل کشمیریوں کی جائز سیاسی آوازوں کو دبانے اور ان کی نمائندگی کرنےوالی قیادت کو خاموش کرنےکی کوششیں کررہا ہے۔حریت رہنماؤں،کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو طویل عرصے تک قید رکھنا انتہائی تشویشناک ہے،جو عالمی برادری کی فوری توجہ اور بنیادی آزادیوں کے احترام کا تقاضا کرتاہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بعد سے بھارت نےمقبوضہ وادی میں یکطرفہ غیرقانونی اقدامات کا سلسلہ شروع کررکھا ہےجس کےساتھ بنیادی آزادیوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔علاقےکی سیاسی،قانونی اور آبادیاتی (ڈیموگرافک) ہیئت کو تبدیل کرنےکی ان کوششوں پر عالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔پاکستان نے ہمیشہ مطالبہ کیا ہےکہ ان اقدامات کا بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کےتحت تدارک کیا جائے۔

توسیع کی بجائے ریٹائرمنٹ لینے والے جنرل کاکڑ کون تھے؟

وزیراعظم نے ان تمام کشمیری مردوں، خواتین اور بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاجنہوں نے اپنے بنیادی حقوق کی خاطر عظیم قربانیاں دیں اور کہاکہ ان کی یادیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

انہوں نے دعا کی کہ کشمیریوں کو ان کا مسلمہ حق خودارادیت ملے اور خطہ پائیدار امن،وقار اور سلامتی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

Back to top button