خیبرپختونخوا: پولیس کا کامیاب آپریشن، خودکش بمبار سمیت 2 دہشت گرد ہلاک

 

 

 

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گرد ہلاک کردیے۔

پولیس حکام کےمطابق مشکوک موٹر کار میں سوار دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی،جس پر پولیس اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی، مقابلے کے نتیجے میں 2 دہشت گرد جہنم رسید کردیےگئے جب کہ ایک زخمی ساتھی فرار ہوگیا۔

کارروائی کےبعد دہشت گردوں کی گاڑی سے اسلحہ، تحریک طالبان کا جھنڈا، خواتین کے برقعے اور دیگر مشکوک اشیاء برآمد کی گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہےکہ دہشت گرد ممکنہ طور پر علاقے میں بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے تھے،تاہم برآمد ہونےوالی اشیاء اور دہشت گردوں کے ممکنہ عزائم کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتےہی پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا،ہلاک ہونےوالے خوارج کی نعشیں تحویل میں لےکر شناخت کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی مروت پولیس کی بروقت اور کامیاب کارروائی کو سراہتےہوئے اہلکاروں کو شاباش دی اور کہاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کےلیے سرگرم پولیس اہلکار قوم کے ہیروز ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے عزم ظاہر کیاکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پولیس کی جدوجہد جاری رہےگی۔

یاد رہےکہ لکی مروت کا شمار خیبرپختونخوا کے ان اضلاع میں ہوتاہے جہاں گزشتہ چند ماہ سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنےمیں آیا ہے۔ اس سال یہاں 2 بڑے دھماکےہوئے جب کہ تازہ واقعہ 27 ستمبر کو پیش آیا جب دہشت گردوں کی فائرنگ میں 3 افراد شہید اور 3 زخمی ہوئے۔

 

Back to top button