پیٹرول پرریلیف نہ دینےوالےپمپ مالکان کومعافی نہیں ملےگی،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول پر ریلیف نہ دینے والے پمپس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کچھ پیٹرول پمپس سے عوام کو ریلیف نہ دینے کی شکایات ملی ہیں، وزیرپیٹرولیم ان پمپوں کے خلاف کارروائی کریں تاکہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آجائے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اضافہ ہونا تھا لیکن ہمارے بروقت فیصلے سے یہ اضافہ نہیں ہوا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایل پی جی مافیا کا دور ختم ہوچکا، ہم ایل پی جی امپورٹ کرکے عوام کو ریلیف دیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کے پی میں پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح سکیورٹی ہے، گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کو حتمی شکل دیدی ہے۔
