وزیراعلیٰ سندھ کا تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھرپارکر کو آفت زدہ ضلع قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو تھرپارکرکے تمام 7 تعلقوں میں خشک سالی جیسی صورتحال پر  بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تھرپارکر میں 85 سے 90 فیصد فصلیں تباہ یا غیر پیداواری ہوچکی ہیں، زرعی توسیع کے محکمے کے مطابق فصلوں کو تقریباً 90 فیصد نقصان پہنچا ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ستمبر 2026 میں تھرپارکر کے ساتوں تعلقوں میں بارش صرف ایک سے 36 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، غیر متوازن بارشوں کے باعث فصلیں اور قدرتی گھاس پکنے سے پہلے ہی خشک ہوگئیں۔

مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں خشک سالی سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  تھرپارکر کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، غیر فعال آر او پلانٹس کی فوری مرمت کرکے انہیں فعال کیا جائے اور پانی کی فراہمی کے تمام موجودہ ذرائع کو بھی فوری بحال کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری  کو نؤکوٹ سے مٹھی تک پانی کی لائن بچھانے کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ نؤکوٹ سے مٹھی تک پانی کی فراہمی کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی جائے، خشک سالی کے باعث مویشیوں کے لیے کیا کیا جاسکتا ہے سفارشات دی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر کے متاثرہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سندھ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات کی مسلسل نگرانی کی جائے۔

Back to top button