ایل پی جی کی 90 فیصد پیداوار شفاف نیلامی سے فروخت کرنے کا فیصلہ

حکومت نے ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم اور قیمتوں میں شفافیت لانے کےلیے نیلامی کا نیا نظام متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی،جس کے تحت مقامی پیداوار کا 90 فیصد حصہ میڈیا کی موجودگی میں نیلام کیا جائےگا، جب کہ 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کےلیے مختص ہوگا۔

اس سلسلے میں قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پیٹرولیم کی زیرصدارت منعقد ہوا۔جس میں طے کیاگیا کہ مقامی ایل پی جی پیدا کرنےوالے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کےلیے مختص کریں گے،جب کہ بقیہ 90 فیصد ایل پی جی میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائےگی۔

کمیٹی کےمطابق نیلامی میں ہر کمپنی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی، جب کہ تمام اہل کمپنیوں کو مساوی مواقع فراہم کیےجائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کی نگرانی کی جائےگی اور اس حوالے سے اعداد و شمار وزیر اعظم کو پیش کیے جائیں گے۔

واضح رہےکہ وفاقی کابینہ نے 4 نومبر 2026 کو ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے فریم ورک کی منظوری دی تھی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی دستیابی اور غیرمنصفانہ قیمتوں سے متعلق عوامی تحفظات دور کرنا حکومت کی ترجیح ہے، نیلامی کا نیا نظام ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم،سپلائی چین کے استحکام اور توانائی کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔

 

Back to top button