سینیٹ نے بھی خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کر دی

قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی صدر مملکت کے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کر دی۔
ایوان بالا میں قرارداد کی منظوری پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا، اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس نے ڈائس کے سامنے قرارداد کی کاپی پھاڑ دی، ایوان بالا مچھلی منڈی بن گیا، اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، پی ٹی آئی ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی میں ایمرجنسی نافذ سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی تھی جب کہ اپوزیشن نے ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کی تھی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے آغاز پر وقفہ سوالات ملتوی کرنے کی تحریک قومی اسمبلی میں پیش کی گئی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے تحریک پیش کی، اپوزیشن کی جانب سے تحریک کی مخالفت کی گئی۔
تحریک کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق سے متعلق کی قرارداد ایوان میں پیش کی گئی، صدر مملکت کے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے اعلان کی توثیق کی قرارداد طارق فضل چوہدری نے پیش کی۔
