بیشتر افراد کو مختلف چیزوں پر چہرے کیوں نظر آتے ہیں؟

بادلوں میں، گاڑی کے فرنٹ یا کسی اور عام چیز میں، متعدد افراد کو اشیا میں چہرے دکھائی دیتے ہیں۔مگر ہمیں مختلف چیزوں کو دیکھ کر چہرے کا خیال کیوں آتا ہے؟اس کی وجہ کافی دلچسپ ہے مگر اس سے پہلے یہ جان لیں کہ نظروں کے اس دھوکے کو Face pareidolia کہا جاتا ہے۔اس طبی اصطلاح کا مطلب عام اشیا میں چہروں کو دیکھنا یا روشنی اور سائے میں کسی قسم کا ڈیزائن نظر آنا ہوتا ہے اور متعدد افراد کو اس کا تجربہ ہوتا ہے۔
ماضی میں اسے ذہنی عارضہ سمجھا جاتا تھا مگر یہ خیال غلط ہے، اس کے پیچھے چھپی وجہ تو اب تک سائنسدان مکمل طور پر سمجھ نہیں سکے مگر تحقیقی کام کے جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ کافی دلچسپ ہیں۔
2022 میں کوئنز لینڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ چہرے کے ساتھ ساتھ لوگ عمر، جذبات اور صنف کو بھی چیزوں میں دیکھتے ہیں۔مگر زیادہ دلچسپ انکشاف یہ ہوا کہ چیزوں پر نظر آنے والے زیادہ تر چہروں کو مردانہ چہرے تصور کیا جاتا ہے۔
