معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا : اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا۔پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ وہ اپنی خود مختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کاکہنا تھاکہ آج ہماری قومی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے،یہ محض کیلنڈر کی ایک تاریخ نہیں بلکہ جرات،اتحاد و غیر متزلزل عزم کی داستان ہے،پاکستانی قوم کو متحد ہونےپر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ عوام،مسلح افواج کے بہادر افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں،جب قوم یکجا ہوجاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی،معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان نے اپنا حق دفاع استعمال کرتےہوئے جارحیت کا متوازن اور فیصلہ کن جواب دیا،بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سےنشانہ بنایا،پاکستان نے دنیاکو واضح پیغام دیاکہ وہ اپنی خود مختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گا۔
معرکۂ حق: دشمن نے پاکستان کی قوت اور عزم کا عملی مظاہرہ دیکھا، پاک افواج
انہوں نے کہاکہ فعال سفارت کاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھر پور انداز میں پیش کیا، گزشتہ سال بھارت نے جارحیت مسلط کی،پاکستان نے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا،کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کےحل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں،مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
