محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری

کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے عدالت میں عدم پیشی کے باعث پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تحفظ آئین پاکستان تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے تھانہ گوالمنڈی میں درج کے ایک مقدمے میں محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ صدارتی امیدوار بننے کے بعد کوئٹہ پولیس نے محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مارا تھا اور وہاں سے ان کے ایک ذاتی محافظ کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کے مطابق یہ چھاپہ محمود خان اچکزئی کے گھر کے قریب سرکاری اراضی پر قبضے کو واگزار کرانے کے لیے مارا گیا تھا لیکن چھاپے کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی جس وقت یہ چھاپہ مارا گیا اس وقت محمود خان اچکزئی کوئٹہ میں نہیں بلکہ اسلام آباد میں تھے۔ پولیس کی جانب سے کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کے خلاف تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت درج مقدمے کا چالان جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کی گئی۔ عدالت میں پیش نہ ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
