تعلیمی اداروں کو ’’ڈانس فار ایجوکیشن‘‘ کا سرکلر کیوں جاری ہوا

رواں برس 25 مئی کو افریقہ ڈے کے موقع پر یونیسکو کی جانب سے ’’ڈانس فار ایجوکیشن‘‘ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں شرکت کرنے کیلئے پاکستانی تعلیمی اداروں کو وزارت کی جانب سے سرکلر جاری کیا گیا ہے۔وزارتِ تعلیم نے تعلیمی اداروں کو 25 مئی ’’افریقہ ڈے‘‘ کے موقعے پر اس مہم کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔وزارتِ تعلیم کے سرکلر کے سامنے آنے کے بعد اس بارے میں شعبۂ تعلیم سے وابسہ حلقوں میں اس بارے میں بات ہو رہی ہے، وزارتِ تعلیم کی جانب سے 29 مارچ کو جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ’ہم 25 مئی کو یوم افریقہ کے موقع پر یونیسکو کی ’ڈانس فار ایجوکیشن‘ مہم میں آپ کو دعوت دیتے ہیں۔ اس دن تعلیم کے فروغ کے لیے ’ایجوکیشن اِن دی ایئر‘ نامی گانا ریلیز کیا جائے گا۔ یہ مہم بنیادی طور پر یونیسکو کی طرف سے تعلیم کے فروغ کے لیے اس گانے کی ریلز کا حصہ ہے۔ وفاقی تعلیمی اداروں سے کہا گیا ہے کہ ’ہم آپ کی جانب سے اس مہم میں شرکت اور ڈانس کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کی حوصلہ افزائی کریں گے۔سرکلر کے متن کے مطابق ’تعلیمی اداروں میں ان تقریبات کا اہتمام کریں۔ اس تناظر میں نمایاں کارگردگی دکھانے والی تقریبات کو یونیسکو کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پذیرائی ملی گی۔اس ایونٹ سے متعلق اپنے طلبہ اور اساتذہ کو آگاہ کریں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔وزارتِ تعلیم کے جوائنٹ سیکرٹری اور ترجمان وسیم اجمل نے بتایا کہ اُن کے پاس اس معاملے پر زیادہ تفصیلات تو نہیں ہیں تاہم بظاہر وزارتِ تعلیم کے جاری کردہ سرکلر کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا ’تعلیمی اداروں میں کسی غیراخلاقی سرگرمی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ڈانس سے مراد ثقافتی رقص جیسا کہ بھنگڑا، سندھی، بلوچی یا قبائلی رقص ہو سکتا ہے، پاکستان اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے اشتراک سے تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرتا آ رہا ہے۔ ہم ملک میں تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔وسیم اجمل کے مطابق ’وزارت تعلیم نے محض ایک سرکلر جاری کیا ہے۔ اس میں کسی ادارے کو مخصوص ہدایات جاری نہیں کی گئیں، وہ اس معاملے کی مزید تفصیلات لے کر مزید معلومات فراہم کریں گے۔اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ یونیسکو اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم ہے جو تنظیم، تعلیم، سائنس، ثقافت، مواصلات اور معلومات کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کو آسان بنا کر امن اور سلامتی کے لیے کوششیں کرتا ہے۔

Back to top button