ڈکی بھائی کی اہلیہ کی ویڈیو کس نے اورکیوں بنائی؟

پاکستان کے معروف وی لاگر سعد الرحمٰن عرف ’’ڈکی بھائی‘‘ نے اپنی اہلیہ کی ڈیپ فیک ویڈیو سامنے آنے کے بعد ملزم کی نشاندہی کرنے والے کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے جبکہ اس کا نام بھی صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کے مطابق ان کی اہلیہ کی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یوٹیوب پر نازیبا ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی ہے، وی لاگر نے یوٹیوب پر 6 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کر کے اپیل کی کہ اس ویڈیو پر کوئی یقین نہ کرے کیونکہ وہ ویڈیو اصلی نہیں ہے بلکہ جعلی ہے۔سعد الرحمٰن نے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ اس طرح کی ویڈیو پوسٹ کرنے کا سوچیں گے اور بہت دکھ کے ساتھ یہ ویڈیو ریکارڈ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ کی عزت کا تماشا بنایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے وہ وضاحتی ویڈیو بنانے پر مجبور ہوئے ہیں۔سعد الرحمٰن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عروب جتوئی کی جو ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہورہی ہے اس کا معیار بہت خراب ہے، ایسا لگتا ہے کہ جیسے اسے عام موبائل فون سے ریکارڈ کیا گیا ہے، اہلیہ کی ڈیپ فیک ویڈیو میں لڑکی کا اصل چہرہ بھی دیکھا جاسکتا ہے، فریم کے کچھ حصوں میں اس لڑکی کی شکل نظر آ رہی ہے جس کی اصل میں یہ ویڈیو ہے، عروب جتوئی نے کہا کہ ان کے ساتھ جو ہونا تھا وہ ہوگیا لیکن وہ نہیں چاہتیں کہ آئندہ کسی اور لڑکی کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آئے۔اپنے فینز سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے ڈکی بھائی نے کہا کہ جس شخص نے بھی یہ ویڈیو بنائی ہے، اس تک پہنچنے میں ان کی مدد کریں، انہوں نے اعلان کیا کہ جو بھی انہیں اس شخص کی معلومات فراہم کرے گا اسے وہ 10 لاکھ روپے انعامی رقم دیں گے، وی لاگر نے ساتھ ہی ایک ای میل ایڈریس شئیر کیا اور کہا کہ اگر کوئی اس شخص کو جانتا ہے جس نے اے آئی ویڈیو بنائی ہے تو اس کا نام، وائس نوٹس، کال ریکارڈنگز، اسکرین شاٹ سمیت تمام معلومات انہیں ای میل کریں اور اس کے بدلے وہ انعام کے طور پر 10 لاکھ روپے دیں گے۔عروب جتوئی کی ڈیپ فیک ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا صارفین ڈکی بھائی پر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں ایک صارف نے کہا کہ جب سوشل میڈیا پر بیوی کی نمائش کرو گے تو بہت کچھ برداشت کرنا پڑے گا۔ فیملی وی لاگنگ والے ڈکی بھائی کے اس عبرتناک انجام سے سب سبق حاصل کریں۔یاسین عثمانی نامی صارف نے لکھا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ فیملی ولاگنگ آپ کو کتنا نقصان پہنچا سکتی ہے؟ ڈکی بھائی پچھلے کچھ سالوں سے تنقید کی زد میں تھا، لوگوں نے بار بار سمجھایا کہ ڈالروں کے لیے اگراپنی بیوی کی نمائش کرو گے تو یہ گلے پڑ جائے گا اور آج وہی ہوا۔ صارف کا مزید کہنا تھا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ریٹنگ اور زیادہ کمائی کی لالچ نے ہمارے معاشرے کو اس قدر تباہ کر دیا ہے کہ لوگ گھریلو خواتین کو سوشل میڈیا کی زینت بنا دیتے ہیں، سوشل میڈیا پر تو ہر طرح کا انسان موجود ہے، کون کب کس کے ساتھ کیا کرے کچھ معلوم نہیں ہوتا، ایک صارف نے ڈکی بھائی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ جب سوشل میڈیا پر بیوی دکھا کر ڈالر کماو گے تو بہت کچھ برداشت کرنا پڑے گا۔
