ہندو کمیونٹی رنگوں کے تہوار ہولی کو کیسے مناتی ہے؟

https://youtu.be/sJraO8njCFM

ہولی کے تہوار میں رنگوں کی بہار ہر خاص و عام کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہے، بھارت میں ہندوئوں کی بڑی تعداد اس تہوار کو ہر سال موسم سرما کے آخری پورے چاند کے موقع پر مناتی ہے جبکہ اسی مناسبت سے پاکستان میں بھی ہندو کمیونٹی اس تہوار کو بھرپور طریقے سے مناتی ہے۔

ہولی کی ابتدا کے حوالے سے یہ کہاوت مشہور ہے کہ شیطانوں کے بادشاہ نے ہر کسی سے مطالبہ کیا تھا کہ اسے خدا مان کر اس کی عبادت کی جائے مگر اس کے اپنے ہی بیٹے نے اس مطالبے کی مخالفت کی تو بادشاہ ناراض ہو گیا۔ اس نے اپنے بیٹے کو مارنے کے کئی منصوبے تیار کیے لیکن عملاﹰ ایسا کرنے میں بری طرح ناکام رہا پھر بادشاہ کی بہن نے اس بات کو اپنا مشن بنا لیا کہ اپنے بھتیجے کو مار کر ہی بیٹھے گی۔ مگر اس کا بھی نتیجہ یہ نکلا کہ بادشاہ کی بہن تو آگ میں جل کر ہلاک ہو گئی مگر بادشاہ کا اپنے والد سے اختلاف کرنے والا بیٹا پھر بھی زندہ رہا۔

ہولی کے تہوار کے موقع پر تمام خوشیاں خاص طرح کے کھانوں سے بھی جڑی ہوتی ہیں، جو اس موقع پر پکائے جاتے یا تیار کیے جاتے ہیں، اس تہوار سے ایک دن پہلے عام گھروں میں روایتی طور پر خواتین کشمش اور مختلف خشک میوہ جات کی گریوں کے ساتھ بنائی گئی ایک سویٹ ڈش ‘گجیا‘ تیار کرتی ہیں، جو شوق سے کھائی جاتی ہے۔ ہولی کی دیگر روایتی ڈشوں میں مالپوا اور لڈو کے نام بھی لازمی طور پر لیے جانا چاہئیں۔

ہولی کے تہوار کو عام طور پر ہلکے نشے کے لیے پیے جانے والے اس مشروب کے بغیر نامکمل سمجھاتا ہے، جو بھنگ سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھنگ سے تیار کردہ گاڑھا نشہ آور محلول مختلف مٹھائیوں کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح بادام اور دودھ سے تیار کیا گیا وہ مشروب بھی بہت پسند کیا جاتا ہے، جس میں بھنگ بہرحال استعمال کی جا تی ہے۔

ہولی کے دن کی خوشی کی تقریبات کا آغاز ایک شام پہلے اس طرح کیا جاتا ہے کہ خاندان کے سبھی افراد یا کئی خاندان مل کر درمیان میں آگ جلا کر خوشیان مناتے اور رقص کرتے ہیں۔ ہولی کے دن سب لوگ مل کر ناشتہ کرتے ہیں اور پھر اہل خانہ اور دوست احباب سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے، اس دوران خوشی سے جھومتے گاتے لوگوں سے نعروں کی صورت میں جو ایک بات بار بار سننے کو ملتی ہے وہ ہوتی ہے ”ہولی ہے، ہولی ہے۔‘‘

ہولی مناتے ہوئے ہر کوئی دوسروں پر طرح طرح کے رنگ پھینکتا ہے۔ لیکن اگر رنگ دستیاب نہ ہو، تو یہ بھی دیکھنے میں آتا ہے خوشیاں مناتے ہوئے لوگ ایک دوسرے کو کیچڑ میں پھینک دیتے ہیں۔ بھارت میں ماتھورا کے علاقے میں تو ہولی اس طرح بھی منائی جاتی ہے کہ بہت سی عورتیں تفریحاﹰ ہاتھوں میں ڈنڈے پکڑے ہنستی مسکراتی دوڑتے بھاگتے مردوں کی پٹائی کرتی نظر آتی ہیں۔

ہولی کے موقع پر لوگ عموماﹰ رقص کرتے ہوئے جو گیت گاتے ہیں، وہ روایتی لوک گیت بھی ہوتے ہیں اور بالی وڈ کی فلموں کے مشہور گانے بھی۔ یہ بھی ہوتا ہے کہ ہر شہر کے مختلف علاقوں میں مذہبی یا ثقافتی گیت اونچی آواز میں لاؤڈ اسپیکروں پر بجائے جاتے ہیں اور ہر طرف رنگوں، خوشیوں، رقص اور موسیقی کے شور سے عبارت ایسا ماحول نظر آتا ہے کہ کچھ بھی دیکھتے یا سنتے ہی ہر کوئی سمجھ جاتا ہے کہ ہولی منائی جا رہی ہے۔

نیوزی لینڈ میں 7.1 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

Back to top button