’’رواں برس کونسے بھارتی فنکار ٹاپ ٹین میں رہے‘‘

2023 کئی نامور بھارتی فنکاروں کیلئے بہترین ثابت ہوا، جن میں کنگ خان شاہ رخ، رنبیر کپور، سلمان خان جیسے فنکار شامل ہیں، جنھوں نے اپنی بلاک بسٹر فلموں کے ذریعے باکس آفس پر راج کیا، رواں سال کو الوداع کہنے سے پہلے، بالی ووڈ کے اُن مرد اداکاروں پر نظر ڈالتے ہیں جنہوں نے اپنی جاندار اداکاری سے 2023 کو سینما کیلئے ایک بہترین اور کامیاب سال بنایا۔2023 شاہ رخ خان کے کیریئر کا شاندار اور کامیاب سال ثابت ہوا، فلمی دنیا سے چار سال کے وقفے کے بعد، میگا سٹار شاہ رخ خان نے سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’پٹھان‘‘ سے بڑے پردے پر واپسی کی، اس فلم نے باکس آفس پر حکمرانی کرتے ہوئے کئی ریکارڈز توڑے، ’’پٹھان‘‘ بھارتی فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی، کنگ خان کی اس فلم نے دنیا بھر سے ایک ہزار کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔شاہ رخ خان یہیں نہیں رُکے، اُن کی 2023 کی تیسری فلم ’’ڈنکی‘‘ 21 دسمبر کو ریلیز ہوئی جس کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی ہیں، اس فلم کی ریلیز سے قبل کہا جا رہا تھا کہ ’’ڈنکی‘‘ بھی ’’پٹھان‘‘ اور ’’جوان‘‘ کی طرح باکس آفس پر چھا جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوسکا، میگا اسٹار کی فلم ’’ڈنکی‘‘ نے دنیا بھر سے صرف 305 کروڑ روپے سمیٹے ہیں۔سُپر اسٹار سنی دیول نے 2001 کی بلاک بسٹر فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کے سیکوئل ‘غدر 2′ کے ساتھ بڑی اسکرین پر واپسی کی، ‘غدر 2′ رواں سال 11 اگست کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی گئی تھی، ‘غدر 2′ میں بھی سنی دیول نے تارہ سنگھ کا آئیکونک کردار ادا کیا تھا جبکہ امیشا پٹیل نے تارا سنگھ کی بیوی سکینہ کا کردار نبھایا تھا۔انیل شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘غدر 2′ کو مداحوں نے خوب پسند کیا اور شاہ رخ خان کی ‘پٹھان’ کے بعد، ‘غدر 2′ باکس آفس پر راج کرتی ہوئی 500 کروڑ کے کلب میں پہنچنے والی تیز ترین فلموں میں سے ایک بن گئی جبکہ فلم نے پوری دنیا سے 600 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا۔بالی ووڈ کے دبنگ سٹار سلمان خان نے اپنی مداحوں کے لیے 2023 میں دو فلمیں پیش کیں، جن میں پہلی فلم تھی ‘کسی کا بھائی کسی کی جان’، اداکار کی یہ فلم مداحوں میں مقبول ہونے میں ناکام رہی جس کے بعد سُپر اسٹار نے دیوالی کے موقع پر اپنے چاہنے والوں کو رواں سال کی دوسری فلم ‘ٹائیگر 3′ کا تحفہ دیا، منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے باکس آفس پر 466.63 کروڑ روپے کمائے۔‘ٹائیگر 3′ میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا تھا۔تھرلر ایکشن فلم ‘ٹائیگر 3′ میں ناصرف سلمان خان بلکہ شاہ رخ خان اور ہریتھک روشن بھی نظر آئے تھے۔یکم دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہداتیکار سندیپ ریڈی وانگا کی بلاک بسٹر فلم ‘انیمل’ میں رنبیر کپور نے وجے سنگھ کا کردار ادا کیا تھا، اس فلم میں رنبیر کپور نے اپنی زبردست کارکردگی سے سب کو حیران کیا، ‘انیمل’ میں رنبیر کپور کو ایک انتقامی بیٹے کے طور پر دِکھایا گیا جو اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے ایک خونخوار گینگسٹر بن جاتا ہے اور بےرحمی سے قتل کرتا ہے جبکہ فلم میں جنگ، انتقام اور تشدد سے بھرپور مناظر بھی دِکھائے گئے۔فلم ‘انیمل’ نے باکس آفس پر حکمرانی کی اور اب تک دُنیا بھر میں مجموعی طور پر 800 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرلی ہے، ’’انیمل‘‘ کی شاندار کامیابی کے بعد، یہ رنبیر کپور کی اب تک کی سب سے بڑی ہٹ فلم بن گئی ہے، فلم میں رنبیر کپور، انیل کپور،
بوبی دیول اور رشمیکا مندانا سمیت دیگر اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا۔
