ازلان شاہ ہاکی کپ کے لیے قومی ٹیم کی تشکیل کا منصوبہ تیار، کھلاڑیوں کا ٹرائل 30 اکتوبر سے ہوگا

انڈر 18، جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں مدعو کرلیا گیا، کارکردگی کی بنیاد پر حتمی اسکواڈ منتخب کیا جائے گا

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے سلطان ازلان شاہ ہاکی کپ کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں اور حتمی اسکواڈ کے انتخاب کا لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔

ٹورنامنٹ 20 سے 28 نومبر تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں ملک بھر سے انڈر 18، جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

پی ایچ ایف کے مطابق مدعو کیے گئے کھلاڑی 30 اکتوبر کو اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں رپورٹ کریں گے، جہاں تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو تین مختلف پولز میں تقسیم کیا جائے گا۔

فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ان پولز میں کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتوں اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس عمل کے بعد بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے قومی ٹیم کا حتمی اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔

پی ایچ ایف کے مطابق اس اقدام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو سینئر سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور قومی ہاکی ٹیم کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب کو یقینی بنانا ہے۔

Back to top button