وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کردیا
مالی مشکلات کے باعث کسی ذہین بچے کو معیاری تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے، دانش اسکولز کو معروف تعلیمی اداروں سے بہتر بنانے کا عزم ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز کے طلبہ کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں اور پاکستانی نوجوانوں میں اپنی زندگیوں کے ساتھ ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنی ذہانت، محنت اور مسلسل کوششوں کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلا سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے کسی ذہین بچے کو معیاری تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق غریب خاندانوں کے بچے ایچی سن جیسے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے تھے، اسی سوچ کے تحت 2010 میں دانش اسکول جیسے تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولز کے قیام کا بنیادی مقصد بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب خاندانوں کے بچوں کو بھی اشرافیہ کے بچوں کی طرح تعلیم کے برابر مواقع ملنے چاہئیں، کیونکہ معیاری تعلیم اور مساوی مواقع کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس تقریب میں وزیراعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک خادم کی حیثیت سے شریک ہوئے ہیں۔ دانش اسکولز سے متعلق دستاویزی فلموں اور طلبہ کے تاثرات نے ان کے دلوں کو چھو لیا۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی ایک بچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید اور حوصلے کی روشن مثال ہے، جبکہ خصوصی صلاحیتوں کی حامل اس بچی کی کہانی غیرمتزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے محنت کش والدین کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے والدین شدید گرمی اور سردی میں محنت کرکے حلال روزی کماتے ہیں، اس لیے مالی دشواریوں کو بچوں کی معیاری تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ دانش اسکولز کو معروف تعلیمی اداروں سے بھی بہتر بنایا جائے۔ ان کے مطابق ان اسکولوں میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ یہ منصوبہ پنجاب سے نکل کر اب پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انصاف، میرٹ اور مساوی مواقع پر مبنی معاشرے کا قیام پاکستان بنانے کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔
