واٹس ایپ میں لوکیشن منگوانے کے لیے نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

نئے ’ریکوئسٹ لوکیشن‘ آپشن سے چیٹ میں براہِ راست کسی دوسرے صارف سے موجودہ یا لائیو لوکیشن طلب کرنا ممکن ہوگا، فیچر فی الحال آزمائشی مراحل میں ہے

واٹس ایپ صارفین کے لیے لوکیشن شیئرنگ کے عمل کو مزید آسان بنانے پر کام کر رہا ہے۔ نئے فیچر کے ذریعے صارفین محض پیغام لکھنے کے بجائے چیٹ میں ایک مخصوص درخواست بھیج کر دوسرے شخص سے اس کی لوکیشن طلب کر سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں ’ریکوئسٹ لوکیشن‘ نامی فیچر سامنے آیا ہے۔ یہ آپشن ’سینڈ لوکیشن‘ اسکرین میں موجود ہوگا، جہاں سے صارفین پہلے ہی اپنی موجودہ یا لائیو لوکیشن دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق، موجودہ آپشنز کے ذریعے صارف اپنی لوکیشن دوسروں کو بھیج سکتا ہے، تاہم نئے بٹن کی مدد سے وہ کسی دوسرے شخص سے بھی اس کی لوکیشن طلب کر سکے گا۔

اس آپشن پر کلک کرنے سے چیٹ میں لوکیشن کی درخواست پر مشتمل ایک مخصوص کارڈ بھیجا جائے گا۔ اس طرح صارف کو ’مجھے اپنی لوکیشن بھیجیں‘ جیسا پیغام الگ سے لکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور درخواست چیٹ میں نمایاں انداز میں دکھائی دے گی۔

رپورٹ کے مطابق دوسرا صارف اس کارڈ پر کلک کرکے یہ طے کر سکے گا کہ وہ درخواست کرنے والے شخص کے ساتھ اپنی موجودہ لوکیشن شیئر کرنا چاہتا ہے یا لائیو لوکیشن۔

یہ فیچر آئی فون کے آئی میسج میں موجود لوکیشن کی درخواست دینے کے آپشن سے ملتا جلتا ہے، جہاں صارفین لوکیشن مینیو کھول کر کسی دوسرے شخص سے اس کی لوکیشن مانگ سکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کا یہ فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے۔ اسے تمام صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا، اس بارے میں تاحال کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

Back to top button