راکھی ساونت کے خلاف خودکشی کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

عدالت نے بار بار پیش نہ ہونے پر گرفتاری کا حکم دے دیا، بھارتی اداکارہ کے خلاف مقدمے کی اگلی سماعت یکم دسمبر کو ہوگی

جھانسی: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف اتر پردیش کے شہر جھانسی کی عدالت نے 2010 کے ایک خودکشی کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ راکھی ساونت کے ٹی وی پروگرام ’راکھی کا انصاف‘ میں ایک شخص کے خلاف مبینہ توہین آمیز اور نامناسب ریمارکس دینے سے متعلق ہے، جس کے بعد اس شخص نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

رپورٹ کے مطابق فاسٹ ٹریک کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے راکھی ساونت کے متعدد مرتبہ عدالت میں پیش نہ ہونے پر 16 اکتوبر کو وارنٹ جاری کیے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ اداکارہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سرکاری وکیل مریدول کانت سریواستو نے بتایا کہ مقدمے کی آئندہ سماعت یکم دسمبر کو ہوگی۔

یہ کیس جھانسی کے علاقے ہنساری پریم نگر کے رہائشی لکشمن اہروار کی موت سے متعلق ہے، جو 10 نومبر 2010 کو انتقال کر گئے تھے۔

لکشمن اہروار کی موت کے بعد ان کی والدہ ساوتری نے مقدمہ درج کرایا تھا۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ راکھی ساونت نے اکتوبر 2010 میں نشر ہونے والے اپنے پروگرام کے دوران ان کے بیٹے کے لیے توہین آمیز اور نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔

Back to top button