بلاول بھٹو: پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئینی اور قانونی طریقے سے ایمرجنسی نافذ کی
پی پی چیئرمین کا دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر زور، اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پر مذاکرات کی دعوت

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق ایمرجنسی نافذ کی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی قوتوں کو مل کر مقابلہ کرنے پر بھی زور دیا۔
کارساز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کو پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک واقعہ قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر سہیل آفریدی دہشت گردوں کا مقابلہ نہیں کریں گے تو پیپلز پارٹی یہ ذمہ داری ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کسی بھی حصے میں کسی کو قومی پرچم اتارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پی پی چیئرمین نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے انتخابی اصلاحات کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اپوزیشن کو بھی اس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر اپوزیشن واقعی دہشت گردی اور خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے خاتمے کی خواہش مند ہے تو اسے مذاکرات کے لیے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے کہا کہ انہیں حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ تاہم، بلاول بھٹو زرداری کے مطابق مولانا فضل الرحمان اس حقیقت سے انکار نہیں کرسکتے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی موجود ہے۔
