پاکستان نے سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں فتح کے لیے 306 رنز کا ہدف دے دیا

سلمان علی آغا کی شاندار سنچری، 90 گیندوں پر 107 رنز اسکور کیے؛ پاکستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

تین ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کے لیے 306 رنز کا ہدف دیا ہے۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد پاکستانی ٹیم 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور 23 رنز کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد فخر زمان بھی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 106 رنز پر گری، جب بابر اعظم 45 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ سعد بیگ نے 39، حسن نواز نے 37 اور عرفات منہاس نے 18 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا سب سے کامیاب بولر رہے اور انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ دلشن مدوشناکا نے 2 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔
پاکستانی ٹیم میں کپتان شاہین آفریدی کے علاوہ سعد بیگ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس تین ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ انگلینڈ کی ٹیم بھی شریک ہے۔

Back to top button