جی میل میں ای میل لکھنے کا طریقہ مزید آسان بنانے کی تیاری
گوگل ’ہیلپ می رائٹ‘ فیچر کا انٹرفیس تبدیل کر رہا ہے، صارفین جیمنائی کی مدد سے براہِ راست ای میل کمپوزر میں ڈرافٹ تیار کرسکیں گے

گوگل اپنی ای میل سروس جی میل میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ’ہیلپ می رائٹ‘ فیچر کو مزید بہتر بنانے پر کام کر رہا ہے، جس کا مقصد صارفین کے لیے ای میلز لکھنے اور ان میں ترمیم کرنے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل اس فیچر کے انٹرفیس کو نئے سرے سے ڈیزائن کر رہا ہے، تاکہ صارفین جیمنائی کی مدد سے زیادہ آسانی کے ساتھ ای میلز کا مسودہ تیار کرسکیں
رپورٹ کے مطابق جی میل کی حالیہ اپ ڈیٹ کے کوڈ میں اس نئے انٹرفیس کے آثار سامنے آئے ہیں۔ فی الحال ’ہیلپ می رائٹ‘ کے ذریعے تیار کردہ ڈرافٹ کو مرکزی ای میل کمپوزر میں شامل کرنے سے پہلے الگ سے دیکھنے اور اس میں تبدیلیاں کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔
مجوزہ تبدیلی کے بعد صارفین کو صرف اس ای میل کی مختصر وضاحت دینی ہوگی جو وہ لکھنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جی میل کے کمپوزر کے نیچے ’ڈسکرائب یور میسج‘ کے نام سے ایک پرومپٹ باکس شامل کیا جا رہا ہے، جہاں صارف اپنی ہدایات درج کرسکے گا۔
اس کے بعد جیمنائی ان ہدایات کی بنیاد پر براہِ راست ای میل کمپوزر کے اندر مسودہ تیار کرنے میں مدد دے گا۔ اس طرح صارفین کے لیے ای میل لکھنے اور اسے کمپوزر میں منتقل کرنے کا موجودہ عمل مزید آسان ہوسکے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور فی الحال عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں۔ اسے کب متعارف کرایا جائے گا، اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
