مالدیپ کے صدر 20 اکتوبر سے پاکستان کے تین روزہ دورے پر آئیں گے

صدر ڈاکٹر محمد معیزو کی وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں متوقع، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی

اسلام آباد: مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر آنے والے مالدیپ کے صدر کے ہمراہ خاتونِ اول ساجدہ محمد اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔

دورے کے دوران صدر ڈاکٹر محمد معیزو کی صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں ہوں گی، جبکہ صدرِ مملکت کی جانب سے معزز مہمان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ان میں تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صحت، تعلیم، زراعت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

دونوں ممالک کے درمیان بحری سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر محمد معیزو علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

صدر مالدیپ کے دورے کے دوران پاکستان مالدیپ بزنس فورم کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق کسی مالدیپی صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو بھی 60 سال مکمل ہو رہے ہیں۔

Back to top button