بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز کا سنگِ میل عبور کرلیا

قومی بیٹر یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پانچویں کھلاڑی بن گئے، سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے میچ میں 45 رنز کی اننگز کھیلی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز مکمل کرلیے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پانچویں کھلاڑی بن گئے۔

بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں مجموعی طور پر 16 ہزار رنز کا ہندسہ سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں عبور کیا۔

اس مقابلے میں بابر اعظم نے 57 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جن میں 6 چوکے شامل تھے۔ اس اننگز کے بعد ان کے انٹرنیشنل رنز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 38 ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں انضمام الحق سرفہرست ہیں، جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 20 ہزار 521 رنز اسکور کیے۔

اس فہرست میں یونس خان 17 ہزار 790 رنز کے ساتھ دوسرے، محمد یوسف 17 ہزار 134 رنز کے ساتھ تیسرے اور جاوید میانداد 16 ہزار 213 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ بابر اعظم 16 ہزار 38 رنز کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

Back to top button