جیکی چن کے مداح پاکستانی لڑکے نے 100 ریکارڈز کیسے بنائے؟

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عرفان محسود نہ صرف ہالی ووڈ سٹار ’’جیکی چن‘‘ کے مداح ہیں بلکہ ان کی طرح مارشل آرٹس کی تربیت بھی حاصل کر رکھی ہے، عرفان محسود نے پہلا ریکارڈ 2016 میں بنایا جس کے بعد وہ اب تک گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں 100 ریکارڈز درج کروا چکے ہیں۔عرفان محسود کو جیکی چن کے کراٹے بہت پسند تھے، اس لیے انہوں نے کم عمری سے مارشل آرٹس کے ساتھ رشتہ جوڑ لیا، وہ اپنے علاقے میں اپنی مدد آپ کے تحت ٹریننگ کر رہے تھے لیکن 2009 میں جب وزیرستان میں حالات خراب ہوئے تو وہاں سے بہت سے خاندان ہجرت کر کے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک پہنچنا شروع ہوئے، انہی آئی ڈی پیز میں سے ایک عرفان محسود بھی تھے جو اپنا سب کچھ چھوڑ کر ڈیرہ اسماعیل خان آئے اور آج تک یہیں رہائش پذیر ہیں۔وہ 2005 سے مارشل آرٹس سے وابستہ ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان آنے کے بعد بھی انہوں نے مارشل آرٹس سے تعلق قائم رکھا۔ اس دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ انہوں نے 2016 میں اپنا پہلا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کیا جبکہ تب سے لے کر آج تک انہوں نے محض آٹھ برسوں میں 100 عالمی ریکارڈز بنائے ہیں یوں عرفان محسود آٹھ برس کے مختصر عرصے میں 100 ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔انہوں نے گومل یونیورسٹی سے ایم بی اے اور سرحد یونیورسٹی سے سپورٹس سائنسز میں ماسٹر کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔انہوں نے اردو نیوز کو مارشل آرٹس میں آنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’مارشل آرٹس گویا میرا بچپن سے شوق تھا۔ بچپن میں، مَیں نے جیکی چن کو فلم میں دیکھا تو تب میں نے سوچا کہ میں وہی کچھ کروں گا جو جیکی چین کرتا ہے۔عرفان محسود کو اس سے قبل 2023 میں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارگردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے، انہوں نے اٹلی کے مارسیلو فیری کا ریکارڈ توڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سنچری مکمل کی ہے۔ انہوں نے اب تک 100 پاؤنڈ، 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ سب سے زیادہ ورلڈ ریکارڈ قائم کیے ہیں۔عرفان محسود نے مارشل پُش اَپس، جمپنگ جیکس، اسٹیپ اپس، نی اور ایلبو سٹرائیکس، ہائی اور سٹار جمپس کے ورلڈ ریکارڈز قائم کیے ہیں۔ ان میں دو انگلیوں پر ایک منٹ میں 35 پُش اَپس، دو انگلیوں پر ایک منٹ میں 40 پاونڈ وزن کے ساتھ 38 پُش اَپس، دو انگلیوں پر ایک منٹ میں 100 پاونڈ وزن کے ساتھ 18 پُش اَپس، اور ایک منٹ میں 60 کلو وزن کے ساتھ ایک پاؤں پر 49 پُش اَپس شامل ہیں۔اس سے قبل انڈیا کے کھلاڑی ایشوانی کمار سنگھ نے ایک منٹ میں 34 پُش اَپس لگائے تھے۔ عرفان محسود نے ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر گھٹنے سے ایک منٹ میں 87 کِکس لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔عرفان محسود یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز پاکستان ہی کے ایک نوجوان احمد امین بودلہ کو حاصل تھا جس نے ایک منٹ میں 79 کِکس لگا کر یہ منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی اکیڈمی میں ان کے 16 شاگرد ایسے ہیں جو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا چکے ہیں۔میرے 20 سے زیادہ شاگرد قومی و بین الاقوامی کھیلوں میں حصہ لے چکے ہیں جبکہ 16 بچوں نے تو ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیے ہیں۔ میری کوشش ہے کہ مزید ایسے نام پیدا کر سکوں۔
