پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی بیٹنگ مشکلات کا شکار، 52 رنز پر 4 وکٹیں گر گئیں
شاہین شاہ آفریدی نے ٹام بینٹن اور جو روٹ کو پویلین بھیجا، ہیری بروک رن آؤٹ؛ پاکستان پنک ڈے کے موقع پر گلابی شرٹس پہن کر میدان میں اترا

تین ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم نے ابتدائی اوورز میں ہی چار وکٹیں گنوا دیں اور 52 رنز پر اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بولرز نے انگلینڈ کی اننگز کے آغاز ہی سے دباؤ برقرار رکھا اور اہم وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد تیسرے اوور میں جو روٹ بھی شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 5 رنز بنائے۔ پانچویں اوور کے دوران انگلش کپتان ہیری بروک رن آؤٹ ہوکر پویلین واپس چلے گئے۔
انگلینڈ کی چوتھی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی، جس کے بعد ٹیم کا مجموعی اسکور 52 رنز تھا اور چار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ فائنل الیون میں شاداب خان اور رضا اللہ کو شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب انگلش کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے لیے منائے جانے والے پنک ڈے کے موقع پر گلابی ٹی شرٹس پہن کر میدان میں اتری۔
