کاکول تربیتی کیمپ پاکستانی کرکٹرز کیلئے کتنا مددگار ہوگا؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم آئندہ دنوں میں مصروف ترین سیزن کھیلنے والی ہے جس میں ہوم گرائونڈ پر نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز، اس کے بعد دورہ آئرلینڈ، دورہ انگلینڈ اور پھر امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اس کے شیڈول میں شامل ہے، آئندہ مصروفیات کے پیش نظر قومی کرکٹرز کی کاکول ملٹری اکیڈمی میں تربیت کی جا رہی ہے۔ ’’پہلے دن ہمیں بھگا بھگا کر توڑا، یقین کریں پہلے دن میں پکڑ پکڑ کر کموڈ پر بیٹھا تھا، دو ہفتے بعد ایسی فٹنس محسوس ہوتی تھی کہ لفظوں میں نہیں بیان کر سکتے‘‘ سابق پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے ’دی پویلین‘ نامی شو میں کاکول میں لگنے والے فٹنس کیمپ کو کچھ یوں بیان کیا تھا۔ 2016 میں انگلینڈ کے دورے سے قبل وہ آرمی سکول آف فیزیکل ٹریننگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے بوٹ کیمپ کی بات کر رہے تھے، اس کیمپ میں شعیب ملک سمیت سابق کپتان مصباح الحق بھی موجود تھے۔اب ایک بار پھر 29 پاکستانی کرکٹرز کاکول میں فٹنس کیمپ میں شامل ہیں جو 26 مارچ سے آٹھ اپریل تک جاری رہے گا اور اس کی کچھ ابتدائی جھلکیوں میں کھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلنے کی بجائے مختلف مشقیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بتایا گیا کہ ’اس کیمپ کی توجہ ٹیم بلڈنگ پر ہوگی اور اس کا مقصد کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی طاقت میں اضافہ کرنا اور اس بات کو ممکن بنانا ہے کہ وہ آنے والی مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے بہترین حالت میں ہوں۔پی سی بی کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کیمپ کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو آنے والی سیریز اور ٹورنمنٹ کے لیے تیار کرنا ہے جن میں ملک میں کھیلے جانے والا نیوزی لینڈ کے خلاف جبکہ بیرون ملک کھیلے جانے والے انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے علاوہ امریکہ اور ویس انڈینز میں منعقد ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے یوٹیوب چینل پر لگائی گئی ماضی کے فٹنس کیمپ کی ویڈیوز میں کھلاڑیوں کو چڑھائی چڑہتے، سیڑھیوں پر سیدھے کھڑے ہو کر چھلانگ لگا کر دونوں پیروں پر اترنے اور رسہ کشی کی ویڈیوز موجود ہیں۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیا ڈائریکٹر عالیہ رشید نے بتایا کہ آرمی کی طرف سے دی جانے والی ٹریننگ میں کرکٹ نہیں کھیلی جا رہی بلکہ رننگ اور باڈی بلڈنگ وغیرہ جیسی ورزشیں ہیں، اس کے علاوہ چند گھنٹے پہلے پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر اس بار ہونے والے فٹنس کیمپ کے پہلے دن کی جھلکیاں ایک وی لاگ میں دکھائی گئیں جس میں کھلاڑیوں کو مختلف قسم کی ورزشیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ایکس پر صارف شمائل خان نے گزشتہ فٹنس کیمپ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انھیں مصباح کے زمانے میں ہونے والا کیمپ یاد ہے جس کہ بعد ٹیم نے انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، مائرہ ناصر نے ایکس پر لکھا ’یہ ہمارے لڑکوں کے لیے بہت اچھا موقع ہے۔ اُمید ہے کہ اس سے ورلڈ کپ میں ان کی کارکردگی میں بہتری ہوگی یہاں ہی ایک اور صارف شمیم ذیشان نے کمنٹ میں لکھا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے کہ ان کھلاڑیوں کی ٹریننگ ہو رہی ہے ورنہ ’ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں ہی یہ لوگ انجری کروا کر آؤٹ ہو جاتے ہیں اور اس سے ساری ٹیم ٹورنامنٹ سے نکل جاتی ہے۔سابق کرکٹر اور سلیکشن کمیٹی کے سابق رکن کامران اکمل نے اپنے حالیہ وی لاگ میں کاکول میں ہونے والے فٹنس کیمپ کا حوالہ دیتے ہوئے کیمپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل پر تنقید کی ہے، وہ کہتے ہیں کہ سختی سے کہا گیا تھا کہ صرف پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کلاڑیوں کو ہی کیمپ میں لایا جائے۔

Back to top button