کیا شاہد آفریدی سیاست میں انٹری کرنے والے ہیں؟

سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے پاکستانی سیاست میں آنے کو دل چاہتا ہے کہ غریب لوگوں کیلئے کچھ کروں لیکن میرے بڑے مجھے سیاست میں آنے سے منع کرتے ہیں۔شاہد آفریدی نے ’’ڈان نیوز‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں آ کر ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے ’بڑے انہیں سیاست میں آنے سے منع کرتے ہیں، اپنے بڑوں کو کہتا ہوں کہ اگر ہم جیسے لوگ سیاست میں نہیں آئیں گے تو تبدیلی کیسے آئے گی۔سابق کپتان نے اپنے داماد اور فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو کپتانی سے ہٹائے جانے پر بھی بات کی، انہوں نے کہا کہ ’میں نے شاہین کو کپتانی سے ہمیشہ دور رکھنے کی کوشش کی ہے، کپتانی کے حوالے سے بہت سارے سابق کرکٹرز نے اپنا اختتام اچھا نہیں دیکھا، شاہین آفریدی کو لاہور قلندرز کی کپتانی لینے سے بھی منع کیا تھا، لیکن انہوں نے میری بات نہیں مانی اور لاہور قلندرز کی کپتانی قبول کی، میں چاہتا ہوں کہ شاہین اپنی کرکٹ پر توجہ دیں، میں پچھلے 3، 4 سال سے بول رہا ہوں کہ محمد رضوان کو کپتان بنایا جائے۔واضح رہے کہ 31 مارچ کو پی سی بی نے شاہین آفریدی کی جگہ بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کا اعلان کیا تھا، ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد بابراعظم نے 15 نومبر کو تینوں فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد شاہین آفریدی کو ٹی20 جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔شاہین کی زیر قیادت قومی ٹیم نے ایک ہی سیریز میں شرکت کی تھی اور نیوزی لینڈ میں ہونے والی اس سیریز میں قومی ٹیم کو 1-4 کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اسی دوران شاہین کو قیادت سے ہٹانے کی بازگشت شروع ہوئی اور اب ایک بار پھر بابراعظم کو قیادت سونپ دی گئی ہے۔

Back to top button